Live Updates

گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے بجلی اور پانی پیپلز پارٹی اور متحدہ کی حکومت میں ندارد ہیں،فردوس شمیم نقوی

منگل 22 مئی 2018 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ گرمی کی لہر سے تین دن کے اندر چونسٹھ افراد جاں بحق ہوئے اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت یہ بات تسلیم کرنے سے بھی گریزاں ہے۔ گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے بجلی اور پانی بہت ضروری ہیں اور پیپلز پارٹی اور متحدہ کی حکومت میں وہ بھی ندارد ہیں۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور عہدیداران سے بات چیت کے دوران کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل ایدھی ایک سماجی رہنما ہیں، ان کے بیان کی تردید سے پہلے تحقیق کرنی چاہئے تھی ، جس کی ضرورت سندھ حکومت نے محسوس نہ کی۔ محکمہ موسمیات بھی لوگوں کو مشقت اور دھوپ میں نکلنے سے روکنے سے پہلے یہ نہیں سوچتا کہ لوگ اگر سندھ حکومت کی پیدا کی گئی مہنگائی میں دھوپ سے ڈر کر گھروں میں بیٹھے رہے تو بھوک سے مر جائیں گے۔

(جاری ہے)

ظاہر ہے اگر لوگ روزگار کے لیے باہر نکلنا چھوڑ دیں گے تو انہیں مالی امداد کون دے گا۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے تو پہلے ہی کراچی کا پانی اور بجلی دونوں بند کر رکھے ہیں اور متحدہ کے میئر نے اربوں روپے کا فنڈ خوردبرد کرنے کے بعد ڈکار تک نہ لی۔ اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھے کراچی کے لوگ روزگار کے لیے گھروں سے باہر تو ضرور نکلیں گے جس سے کسی کو انہیں روکنا نہیں چاہئے لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو شرم ضرور آنی چاہئے۔

اتنی شدید گرمی میں لوگ بجلی اور پانی سے بھی محروم ہیں اور سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔ایسے میں سندھ حکومت کی طرف سے ’’سب اچھا ہے‘‘ کا راگ الاپا جارہا ہے لیکن کراچی کے رہنے والے خوب جانتے ہیں کہ اس راگ میں نہ سر ہے نہ تال۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی والوں کے ساتھ انصاف کیا جائے، انہیں بجلی ، پانی اور بنیادی ضروریاتِ زندگی مناسب نرخوں پر فراہم کی جائیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے کیمپ لگائے جائیں تاکہ کراچی کے لوگ گرمی کی لہر سے بچ سکیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات