وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر ملاقات،نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا

وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات ہو گی امید ہے نگراں وزیراعظم کے نام پر فیصلہ کرلیں گے ،سید خورشید شاہ

منگل مئی 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی، اتفاق رائے نہ ہوسکا ۔ منگل کو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا، تاہم کسی نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

ملاقات کے بعد خورشید شاہ وزیراعظم ہا ئو س سے روانہ ہوگئے۔۔خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام کے انتخاب کے لیی(آج) بدھ کو یا (کل) جمعرات کو وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات ہو گی امید ہے نگراں وزیراعظم کے نام پر فیصلہ کرلیں گے ۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے نام تجویز کیے گئے ہیں تاہم تحریک انصاف نے ذکا اشرف کا نام مسترد کردیا جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی،، عبدالرزاق داد اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کے نام تجویزکیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے پیپلزپارٹی کے تجویز کردہ نام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذکا اشرف،، آصف زرداری کے مین ڈونر اور مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر ہیں لہذا ذکا اشرف کا نام مسترد کرتے ہیں جب کہ جلیل عباس جیلانی کے نام پر ہمیں زیادہ خدشات نہیں۔