جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی مسلسل تیسرے روز ورکنگ بانڈری پر گولہ باری اور فائرنگ سے متعدد شہری زخمی

شکر گڑھ سیکڑ پر ایپال ٹھاکر پور ، بیکا چک ،گجگال ننگل ،کرول ،سکھو چک ،تمبر چک ،سکمال سے عوام کی نقل مکانی چناب رینجرز نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کئی بھارتی چوکیاں تباہ کردیں

منگل 22 مئی 2018 16:40

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے مسلسل تیسرے روز بھی ورکنگ بانڈری پر کی گئی گولہ باری اور فائرنگ سے متعدد شہریوں کو زخمی کر دیا‘فائرنگ اور گولہ باری سے عوام نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ‘ چناب رینجرز نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کئی بھارتی چوکیاں تباہ کردیں ۔

(جاری ہے)

منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شکر گڑھ سیکڑ پر ایپال ٹھاکر پور ، بیکا چک ،گجگال ننگل ،کرول ،سکھو چک ،تمبر چک ،سکمال ، چک ناہرہ ، اگور میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ہے،جس کے نتیجے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

شدید فائرنگ اور گولہ باری کے باعث لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔بھارتی فورسز نے ظفروال میں بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحدی گاں لہڑی کلاں، ٹانڈہ، تبہ، سکروڑی،پوئی، ڈنڈٹ میں مارٹر گولوں سے حملہ کیا، جو وقفے وقفے سے ابھی تک جاری ہے۔دوسری جانب چناب رینجرز کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، چناب رینجرز کی گولہ باری سے کئی بھارتی چوکیاں تباہ کردی گئیں ہیں۔