کاٹن مشن 2025 کی تیاری کا مقصد صوبہ میں 20ملین گانٹھ روئی پیدا کرنا ہے، سیکرٹری زراعت پنجاب

منگل 22 مئی 2018 16:40

لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کاٹن مشن 2025 کی تیاری کا مقصد صوبہ میں 20 ملین گانٹھ روئی پیدا کرنا ہے،کاٹن مشن ایک روڈ میپ ہے جس کے ذریعے کپاس کو اس کے اصل مقام پر لیکر جانا ہے، اس سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ، تجاویز اور آراء حاصل کی جائیں گی اور کپاس کی فصل کو دوبارہ بحال کیا جائیگا، اس مقصد کے حصول کیلئے حکومتی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، کپاس کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے سیڈ ٹیکنالوجی و دیگر اہم پہلوئوں پر تحقیق کیلئے سائنسدانوں کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی کاشت رواں ماہ ہر حالت میں مکمل کریں اور محکمہ زراعت پنجاب کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنائیگا، امسال 60 لاکھ ایکڑ کپاس کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا ہے، پنجاب حکومت درمیانی اور طویل مدتی پلاننگ کے تحت پوری سپلائی چین کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے،کاٹن مشن 2025 کے تحت کاٹن کونسل کی تشکیل کی جاری ہے، کاٹن کونسل کی باڈی گورنمنٹ، کاشتکاران، ایپٹما، پی سی جی اے و دیگر پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی، انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گزشتہ سیزن کے دوران گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے پی بی روپس کا کاشتکاروں کو بہت فائدہ ہوا، اس سیزن میں بھی فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ والوں کو چاہئے کہ وہ پرائیویٹ انڈسٹری کو بھی پی بی روپس درآمد کرنے کی اجازت دیں تاکہ کپاس کے کاشتکاروں اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے، محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشن کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اگلے دو ہفتوں کے دوران گلابی سنڈی اور سفید مکھی کی تلفی کیلئے بھرپور مہم چلائے۔

متعلقہ عنوان :