چھوٹے صوبوں کے گلے شکوے موجود ہیں ،ْپنجاب میں گندم باہر لے جانے پر پابندی لگانا زیادتی ہے ،ْ غلام احمد بلور

کراچی میں بجلی اور پانی کے مسئلے کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ،ْعبد الرشید گوڈیل شیر اکبر خان کا ملاکنڈ ڈویژن میں آئل ڈپو کے قیام کا مطالبہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کا ہزارہ ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے فنڈز کے اجراء کا مطالبہ

منگل 22 مئی 2018 16:50

(اسلام آباد (این این آئی) اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے گلے شکوے موجود ہیں ،ْپنجاب میں گندم باہر لے جانے پر پابندی لگانا زیادتی ہے ،ْ کراچی میں بجلی اور پانی کے مسئلے کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے گلے شکوے موجود ہیں‘ خیبر پختونخوا میں پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 1.25 روپے ہے جبکہ ہمیں مہنگی بجلی دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم باہر لے جانے پر پابندی لگا دی ہے جو زیادتی ہے۔ انہوں نے گندم باہر لے جانے پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔نکتہ اعتراض پر عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں شدید گرمی ہے۔ کراچی پورے ملک کیلئے کما کر دے رہا ہے اور مسائل موجود ہیں۔

(جاری ہے)

زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے لوگ ہیٹ سٹروک کا شکار ہو کر مر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نجی ادارہ ہے تو کیا کراچی کے شہری پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے گیس کی فراہمی کی ہدایت کی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا حالانکہ سندھ خود کافی گیس دے رہا ہے۔ ہمارے مسائل حل کئے جائیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اس وقت ملک بھر میں پانی کی قلت کا مسئلہ ہے۔ کراچی شہر اور سندھ میں آخری کنارہ پر موجود کسانوں کو سب سے زیادہ مسئلہ ہے۔

کراچی میں 600 ملین گیلن کا شارٹ فال ہے۔ کراچی میں سمندری پانی کو صاف کرکے اسے شہر کو فراہم کرنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔ اس کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے 50 ملین گیلن کے ڈی سالینیشن پلانٹ کی بات کی ہے یہ کم ہے۔ ہیٹ سٹروک سے 65 لوگ مر چکے ہیں۔ میری درخواست ہے کہ ٹی وی پر لوگوں کو اس بارے میں آگاہی فراہم کی جائے۔

جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی شیر اکبر خان نے ملاکنڈ ڈویژن میں آئل ڈپو کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ شیر اکبر خان نے کہا کہ پورے ملک میں تیل کا کوئی ڈپو نہیں ہے جس کی وجہ سے پورے ڈویژن کو باقی ملک سے مہنگا تیل مل رہا ہے۔ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تیل ڈپو قائم کیا جائے۔ انجینئر عثمان خان ترکئی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ انتخابات کا سال ہے‘ سب سے بڑا مسئلہ ہے کہ آج تک بہت سارے اضلاع میں نوجوانوں کی رجسٹریشن نہیں ہو رہی۔

نادرا کے پاس بندوبست نہیں ہے، جب چوہدری نثار وزیر داخلہ تھے تو بھی میں نے یہ ایشو ان کے سامنے اٹھایا تھا۔ میرے حلقے میں ہزاروں کی تعداد میں بچے رجسٹریشن سے محروم ہیں۔ شیخ آفتاب سے درخواست ہے کہ تحصیل میں کم از کم چار آر ایم وی بھیجے جائیں۔پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ میرا تعلق سانگھڑ سے ہے جو گیس دیتا ہے لیکن میرے حلقے میں گیس نہیں ہے، پانی کے مسئلہ پر میں احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہوں۔

ہیٹ ویو کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمارے پاس پانی نہیں ہے۔ لنک کینال کی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کے پاس استعداد نہیں ہے۔ ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کا معاملہ بھی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی بھرپور مذمت کرنی چاہیے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین جو یہاں ڈیوٹی دیتے ہیں انہیں اعزازیہ نہیں ملتا اور جو ہیڈ کوارٹرز میں ہوتے ہیں انہیں مل جاتا ہے جس پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اس معاملہ پر انہوں نے وزیر اطلاعات کو ڈی او لیٹر بھیجے ہیں۔

سیکرٹری اطلاعات سے بھی بات کی ہے اور یہ معاملہ دوبارہ اٹھایا جائے گا۔ نکتہ اعتراض پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ میں اپنے چھوٹے صوبے خیبر پختونخوا کی بات کرنا چاہتا ہوں، ہزارہ میں ڈرائی پورٹ اور ایئرپورٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بجٹ میں اس حوالے سے فنڈز مختص کئے گئے۔ اس کے علاوہ سیکشن فور کے لئے ڈی سی کے پاس 50 کروڑ کی رقم بھی ہے۔ میں شیخ آفتاب سے درخواست کرتا ہوں کہ پارلیمان نے جو قرارداد پاس کی ہے اس پر کتنا عمل ہوا ہے جس پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پہلے یہ ایشو اٹھایا گیا تھا اور اس پر رابطے ہوئے تھے۔

ایوی ایشن سردار مہتاب کے پاس ہے‘ میں ان سے بات کرتا ہوں اور سیکشن فور کے حوالے سے فنڈز جاری کرتے ہیں۔ اس علاقے میں ایئرپورٹ اہم معاملہ ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور سی پیک کے حوالے سے بھی اس کی اہمیت ہے۔ اس کے علاوہ سیاحت کے حوالے سے اس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔شہریار آفریدی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کوہاٹ‘ ہنگو‘ کرک تیل و گیس کی صورت میں روزانہ ملک کو اربوں روپے دے رہے ہیں لیکن رمضان المبارک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

1800 میگاواٹ میں سے ہمیں 1200 میگاواٹ بجلی نہیں دی جارہی ۔ کوہاٹ میں آئل اینڈ گیس کے لئے تربیتی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے ہماری کو مدد نہیں کی جارہی۔ میری درخواست ہے کہ سحر و افطار میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپائو نے فاٹا تک اعلیٰ عدلیہ کی توسیع کے لئے نوٹیفکیشن کے اجراء کا مطالبہ کیا ہے۔

نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ وہ کیپٹن (ر) صفدر کی بات کی تائید کرتے ہیں کہ ایئرپورٹ بننے چاہئیں، ریلوے میں صرف پشاور تک ٹریک باقی ہے، باقی بند ہوگئے ہیں، بجلی اور گیس وافر مقدار میں ہے لیکن ہمارا ترسیلی نظام اتنا خراب ہے کہ ہمیں جو بجلی دی جاتی ہے وہ اسے سہارا نہیں دے سکتی۔ اس کی وجہ سے لائن لاسز ہو رہے ہیں اور پھر چوری کے الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔

اسی طرح گیس کی صورتحال بھی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہقبل پارلیمان نے فاٹا تک اعلیٰ عدلیہ کی توسیع کا بل پاس کرلیا ہے لیکن اس کا نوٹیفکیشن اب تک نہیں ہوا۔ اگر اس طرح حکومت چلانی ہے تو ہمیں قابل قبول نہیں ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ لاء ڈیپارٹمنٹ کو نوٹیفکیشن کے جلد اجراء کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش لعل نے حب میں ہندو کمیونٹی کے دو ارکان کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

رمیش لعل نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ حب میں ہماری کمیونٹی کے دو ارکان قتل کردیئے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی اور بجلی نہیں ہے۔ ترقیاتی کام پورے ملک میں یکساں بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) بدھ کی صبح گیارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔