نواز شریف، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنمائوں کیخلاف عدلیہ مخالف تقاریر کے معاملے پر متفرق درخواستوں پر پیمرا کو نوٹس جاری

منگل 22 مئی 2018 17:26

نواز شریف، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنمائوں کیخلاف عدلیہ مخالف تقاریر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر لیگی رہنمائوں کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریر کے معاملے پر متفرق درخواستوں پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی ( پیمرا)کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے متفرق درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا عدلیہ مخالف مواد روکنے میں ناکام ہوچکا ہے جبکہ پیمرا قوانین کے مطابق ایسا مواد نشر نہیں ہوسکتا۔دوران سماعت عدالت میں نواز شریف کی جانب سے ایک انگریزی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو کا مواد بھی پیش کیا گیا جس پر عدالت نے کہا کہ یہ مختلف معاملہ ہے اوریہ معاملہ عدالت کے سامنے نہیں ہے۔ اس معاملے پر آپ الگ درخواست دائر کریں، ہم قانون کے مطابق دیکھیں گے۔بعد ازاں عدالت نے پیمرا سے جواب طلب کرتے ہوئے 24 مئی تک سماعت ملتوی کردی۔