وہاب ریاض پاکستان ٹیم انتظامیہ اورسلیکٹرز کی گڈبگ میں شامل

دورہ زمبابوے کے لیے ٹیم میں شمولیت کا امکان روشن

منگل 22 مئی 2018 17:12

وہاب ریاض پاکستان ٹیم انتظامیہ اورسلیکٹرز کی گڈبگ میں شامل
لاہور(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2018 ء) فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کا ستارہ چند ہفتے قبل گردش میں تھالیکن اچانک ہونے والی پیش رفت کے بعد وہاب ریاض اچانک سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کی گڈ بک میں دکھائی دے رہے ہیں اور پاکستان سپر لیگ کے بہترین باﺅلر کا نام ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ چند دن قبل انضمام الحق کی سر براہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے دورے کے لئے 25 کھلاڑیوں کو فہرست کو حتمی شکل دی تھی اس فہرست میں وہاب ریاض کا نام شامل نہیں تھا۔

سلیکٹرز نے پہلے یاسر شاہ کو 26 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا جس کے بعد وہاب ریاض کا نام بطور 27 وں کھلاڑی فہرست میں ڈال دیا گیا حالانکہ انگلینڈ کی سیریز کے لئے ٹیم کے اعلان کے وقت وہاب ریاض کانام شامل نہیں تھا کیوں کہ اس وقت مکی آرتھر وہاب کے رویے سے خوش نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض نے لاہور میں انضمام الحق اور مکی آرتھر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جس کے بعد وہاب ریاض کے معاملات درست ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

سلیکٹرز نے عماد وسیم اور رومان رئیس کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے رضا حسن اور عمید آصف کو بیک اپ پلیئرز کے طورپر شامل کیا تھا۔ اب وہاب ریاض کو اس فہرست میں شامل کرکے رومان رئیس کی فٹنس کے حوالے سے خدشات کو تقویت دی ہے۔ وہاب ریاض نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کردیاہے۔کرکٹر وہاب ریاض کا دو ہفتے قبل ناک کا آپریشن ہوا تھا جس کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا تاہم ایک مرتبہ پھر انہوں نے باقاعدہ ٹریننگ شروع کردی۔

قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے وہاب ریاض کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا لیکن وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔وہاب ریاض کا انگلش کاﺅنٹی میں شامل ٹیم ڈربی شائر سے بھی معاہدہ ہوچکا ہے اور وہ رواں سیزن میں کاﺅنٹی کرکٹ میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔