مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجی رات کے دوران ہماری گاڑیوں کے ٹائرکاٹ اورپنکچر کر دیتے ہیں، ڈرائیورز

منگل 22 مئی 2018 18:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع بڈگام کے علاقے پکھر پورہ کی ٹیکسی اورمسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے کہاہے کہ بھارتی فوجی کسی اشتعال انگیزی کے بغیر ان کی گاڑیوں کے ٹائر کاٹ دیتے یا پنکچر کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علاقے کے ڈرائیوروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج کی 33راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار رات کے دوران پکھرپورہ ٹیکسی سٹینڈ میں کھڑی گاڑیوں کے ٹائر کاٹ دیتے یا پنکچر کردیتے ہیں۔

پکھرپورہ کے ٹیکسی ڈرائیوروں کی ایک بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ بھارتی فوجی گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ کارروائی کررہے ہیں۔ ایک مقامی ڈرائیور کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے کئی بار ہماری گاڑیوں کو بلاوجہ ضبط بھی کیااورہمیں مسافروں کوبیچ راستے میں چھوڑنا پڑا۔ ایک ٹیکسی ڈرائیور نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرکہاکہ ان کے والدین علیل ہیں اور ان کی واحد امید یہ ہے کہ میں کام پرجاکر ان کی ادویات کیلئے پیسے کماکر لائوں لیکن جب میری گاڑی چل ہی نہیں سکتی تو میں کیا کمائوں ۔