پاکستان میں شہد کی پیداوار میں اضافہ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،وائس چانسلرپیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی

منگل 22 مئی 2018 18:28

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثروت این مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں شہد کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔مگس بانی کے فروغ کے لئے مکھیوں کی افزائش کی تربیت فراہم کی جانی چاہئے تا کہ اس شعبے کو منافع بخش بنایا جا سکے بلکہ پولینیشن کے زریعے فصلوں کی پیداوار بھی زیادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونیورسٹی میں شعبہ حشرات کی طرف سے مگس بانی کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وائس چانسلر نے کہا کہ مگس بانی کے فروغ کے لئے اجتماعی اصلاحات کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

زیادہ پیداوار، بہتر معیار، مربوط نظام اور اداروں کے درمیان باہم تعاون سے نہ صرف پاکستان میں مگس بانی کے شعبے کو عروج حاصل ہو سکتا ہے بلکہ کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے انھوں نے شعبہ حشرات کی کاوششوں کی تعریف کی اور فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ مگس بانی کے فروغ کے لئے تکنیکی مہارت اور عملی تربیت کیلئے افراد کی راہنمائی کریں۔

اور مستقبل میں بھی ایسے سیمینار کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ اور اس موقع پرفیکلٹی آف زراعت کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ندیم اختر عباسی، شعبہ حشرات کے چئیر مین ڈاکٹر عطاالمحسن، ڈاکٹر نعیم احمد، ڈاکٹر عاصم گلزار، محمد آصف ، ڈاکٹر آصف عزیزاور نوید احمد نے سیمینار کے شرکاء کو لیکچرز دیئے اور جدید مگس بانی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔