چوہدری نثار علی خان دھاماں سیداں میں بنیادی مرکز صحت کا افتتاح 25مئی کو کریں گے

منگل مئی 18:28

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) دھاماں سیداں میں 48.850 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بنیادی مرکز صحت کا افتتاح سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان 25مئی کو کریں گے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر محمد علی احسن نے اے پی پی کو بتایاکہ بنیادی مرکزصحت اڈیالہ دھاماں سیداں اور گرد ونواح کے علاقوں کے رہائشیوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو گا ۔

ڈاکٹر علی نے بتایاکہ بنیادی مرکز صحت دھاماں سیداں میں ایک میڈیکل آفیسر ،ایک لیڈی ہیلتھ وزیٹر ،ایک ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر ،ایک ویکسینیٹر ،ایک مڈ وائف اور ایک نائب قاصد موجود ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ گوجر خان تحصیل میں جھنڈ ملہو ،جرموٹ کلاں ،سرسال ،ججہ ،جھونگل اور رامے سمیت 6، کلر سیداں میں سر صوبہ شاہ اور نالہ مسلماناں سمیت دو ،کوٹلی ستیاں میں کروڑ ،سیرولا ،ملوٹ ستیاں سمیت تین ،تحصیل کہوٹہ میں مٹور ،بیور اور نذر سمیت تین تحصیل مری میں کالی مٹی ،چڑھان ،تریٹ سمیت تین تحصیل راولپنڈی میں جبر درویش ،ڈھوک بدھال ،چک بیلی خان ،چکری ،ڈھوک بڑ ،ڈھولیال اور جھنڈوسمیت چھ جبکہ مجموعی طور چھبیس بنیادی مراکز صحت کام کر رہے ہیں جو ہفتے کے ساتوں دن عوام کو صحت کی دستیاب سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔