پہلی پنجاب فوڈ اتھارٹی انٹرنیشنل کانفرنس آن فوڈ سیفٹی ورلڈ فوڈ ڈے پر منعقد ہو گی

انٹرنیشنل کانفرنس گین کے تعاون سے 10ا ور 11گیارہ اکتوبر کو کروائی جائے گی

منگل 22 مئی 2018 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پہلی انٹرنیشنل کانفرنس آن فوڈ سیفٹی کروانے کی منصوبہ بندی کا آغاز کر دیا ہے جس میںپاکستان کے علاوہ یورپ، امریکا، انگلینڈ، چین، بھارت ، بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کے فوڈ سیفٹی ماہرین شرکت کریں گے۔ انٹرنیشنل کانفرنس گین کے تعاون سے 10ا ور 11گیارہ اکتوبر کو کروائی جائے گی۔

کانفرنس کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کے لیے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالا مین مینگل سے جینواسے آئے وفدنے ملاقات کی اور کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے باہمی معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔ وفد کی سربراہی سائول مورس، ڈائریکٹر پروگرام برائے گلوبل الائنس فار ایمپوروڈ نیوٹریشن کر رہے تھے۔ ملاقات میں فوڈ اتھارٹی کے قانونی، انتظامی اور آپریشنل پہلوئوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

فوڈ فورٹی فیکیشن پروگرام اور معیاری ضابطہ کار پرمل کر کام کرنے سمیت مستقبل کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔ ڈائریکٹر پروگرام گین سائول مورس کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس فوڈ سیفٹی کے حوالے سے تمام تر ضروری اختیارات کا ہونا خوش آئند ہے۔کئی ممالک کے دورے کر چکا ہوں تاہم پنجاب فوڈ اتھارٹی جیسا فوڈ سیفٹی کا واضح اور مربوط نظام کہیں دیکھنے کو نہیں ملا۔

فوڈ سیفٹی کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی قانون سازی قابل تعریف ہے۔ سائول مورس کا مزید کہنا تھا کہ فارمولا ملک، انرجی ڈرنکس، پیکجنگ اور استعمال شدہ تیل کے قوانین دیگر ممالک کے لیے مثال ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر وفد کو پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ آفس کے مختلف شعبہ جات، فوڈ لیبارٹری، میڈیکل سکریننگ لیبارٹری اور پی ایف اے ٹریننگ سکول کا دورہ کروایا گیا جبکہ یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔