نیازی کی حکومت نے کے پی کے کو برباد کیا ،اب 100دن کا ایجنڈا دیکر قوم کو بیوقوف نہیں بناسکتے‘ شہباز شریف

زرداری نے کرپشن اورنیازی نے جھوٹ کے ریکارڈ بنائے ،2018ء کے انتخابات میں عوام دودھ کا دودھ ،پانی کا پانی کردینگے مخالفین دھرنے،گالم گلوچ اورالزام تراشی کرتے رہے جبکہ ہم کام اورعوام کی خدمت کرتے رہے اورعوامی خدمت کے ریکارڈ بنائے نیب آئینی ادارہ ،کرپشن کا کھوج لگانا اسکی ذمہ داری ہے،تاہم احتساب شفاف ہوناچاہیے، ایسا نہیں ہوگاتو لوگ ضرور باتیں کرینگے بلاامتیازاور شفاف احتساب سے ہی ملک کو صحیح معنوں میں قائدؒاوراقبالؒکا پاکستان بنایا جاسکتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ،سی ٹی سکین ،انسینریٹر اورتعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کردیا ضلعی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، فلٹر کلینک میں مرض کی تشخیص اوربچاؤ کے طریقے کار کا جائزہ لیا،انتظامات پر اظہار اطمینان پنجاب کے ہسپتالوں میں 24گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی مفت سہولت کی فراہمی تاریخی اقدام ہے،ہم نے ہسپتالوں کا ہیلتھ کلچر بدل دیا‘شہبازشریف

منگل 22 مئی 2018 18:36

نیازی کی حکومت نے کے پی کے کو برباد کیا ،اب 100دن کا ایجنڈا دیکر قوم کو ..
اوکاڑہ /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک، سی ٹی سکین ، انسینریٹر، کارڈیک بلاک اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد فلٹر کلینک کاد ورہ کیا اور مریضوں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔

وزیر اعلیٰ نے فلٹرکلینک میں مرض کی تشخیص اور بچاؤکے طریقے کار کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلعی ہسپتال اوکاڑہ میں سی ٹی سکین اور ٹیسٹ لیب کا بھی معائنہ کیااور معروف جاپانی کمپنی ہٹاچی کی انتظامیہ نے سی ٹی سکین مشین کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں 24 گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی سہولت تاریخی اقدام ہے اورسرکاری ہسپتالوں کا ہیلتھ کلچر بدل گیا،اب سی ٹی سکین مشین خراب ہو گی نہ عملہ غائب ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے ہسپتال ویسٹ تلف کرنے کیلئے انسینریٹر پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور مشین کے افعال کار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسینریٹر کی تنصیب سے ہسپتال ویسٹ کی وجہ سے بیماریوں کے پھیلاؤ کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت مند ماحول دینے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ضلعی ہسپتال اوکاڑہ میں ایمرجنسی وارڈ ، کارڈیک بلاک ، اوپی ڈی اوردیگر شعبوں کا دورہ کیا اور ضلعی ہسپتال اوکاڑہ میں ڈاکٹروں سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور انہیں مریضوں کی مزید دیکھ بھال کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے ضلعی ہسپتال اوکاڑہ میں مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور سٹاف کے رویے اور طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ہسپتال اوکاڑہ میں 40 کروڑ سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے پر اوکاڑہ کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حکومت پنجاب 20 ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

سرکاری ہسپتالوں میں نجی کمپنی مفت سی ٹی سکین ٹیسٹ کرے گی اور فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ کی تعمیر نو پر 25کروڑ30 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ ہسپتال کو 260 بیڈز اور 25 طبی شعبوں تک اپ گریڈکیا گیا ہے اور 9 کروڑ 93 لاکھ روپے سے نیا ایمرجنسی بلاک بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں صحت عامہ کے متعدد منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے شعبہ صحت کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہورہے ہیں ۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوشن میںہیپاٹائٹس کے مرض کے علاج کیلئے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا جو نظام بنایاگیاہے وہ کسی بھی لحاظ سے یورپ سے کم نہیں ۔

ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس میں مفت علاج اورادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس ادارے میں شاندار ڈائلسز سنٹر ،گائنی وارڈ اوردیگر شعبے ہیں جہاں آکرایسے احساس ہوتا ہے کہ ہم یورپ کے کسی ہسپتال میں موجود ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اوکاڑہ کی تعمیر نو کر کے اسے شاندار ہسپتال بنایاگیاہے ۔پہلے لوگ یہاں علاج کیلئے آتے نہیں تھے اب یہاں مریضوں کا بے پناہ رش لگا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے 2018ء کے انتخابات میں خدمت کا موقع دیا اورزندگی رہی تو اوکاڑہ میں 250 بستروں پرمشتمل ایک نیاہسپتال قائم کریںگے اوراس ہسپتال کی عمارت اسی جگہ بنے گی۔انہوںنے کہاکہ میں نے آج ضلعی ہسپتال چنیوٹ کی تعمیر نو کا بھی افتتاح کیا ہے اوراگلے چند دنوں میں صوبے کے دیگر ضلعی ہسپتالوں کے تعمیر نو کا بھی افتتاح کرنا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے محمد نوازشریف کی قیادت میںمحنت ،جذبے اورعزم کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اوکاڑہ میں موبائل ہسپتال کا بھی افتتاح کیا ہے اوریہ ہسپتال ضلع اوکاڑہ کے ان علاقوں میں عوام کو جدید معیاری طبی سہولتیں فراہم کرے گاجہاںگزرگاہیں نہیں ۔انہوںنے کہاکہ اربوں روپے کی لاگت سے 20 موبائل ہسپتال صوبے کے دورافتادہ علاقوں میں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھ رہے ہیں ۔

موبائل ہیلتھ یونٹ ایک چلتا پھرتا چھوٹا جدید ہسپتال ہے جو پسماندہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر علاج اورتشخیص کی سہولتیں دے رہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی کی مئی2018ء میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی بتایاگیاہے ۔پنجاب تعلیم اور صحت کے میدان میں تمام صوبوں سے آگے ہے اوریہ بات خوش آئند ہے۔میری حکومت اوراکابرین کیلئے قابل تحسین ہے۔

تاہم منزل ابھی بہت دور ہے،حالیہ مردم شماری کے مطابق پنجاب کی آبادی 11کرو ڑ ہوچکی ہے ،ہمیں اس آبادی کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات محنت سے کام کرنا ہے ۔تعلیم اورصحت کے شعبوں کیلئے جتنے وسائل درکار ہیں مہیا کریںگے۔محنت،عزم اورجذبے سے کام کرتے رہیں تو وہ دن دورنہیں جب پاکستان کا شمار ملایشیاء اورترکی جیسے ممالک کے ساتھ ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین دھرنے،دن رات گالم گلوچ اورالزام تراشی کرتے رہے جبکہ ہم کام اورعوام کی خدمت کرتے رہے اورعوامی خدمت کے ریکارڈ بنائے۔اس لئے میں کہتا ہوں کہ’’ پنجاب پھر ہے ٹاپ پر…کچھ رحم کرواپنے آپ پر‘‘ ۔ دھرنوں،گالم گلوچ،الزام تراشی اورمنفی سیاست کے باعث عوام انہیں نفرت اورغصہ سے دیکھ رہے ہیں ۔لوگ ان کی جھوٹ اورالزام تراشی کی سیاست سے متنفر ہوچکے ہیں۔

اسی لئے میں کہتا ہوں کہ’’ جھوٹا نیازی کا ہر الزام ہوا،دنیا میں پنجاب کا نام ہوا،زرداری بری طرح ناکام ہوا‘‘۔انہوںنے کہا کہ ہم نے دن رات عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورعوامی خدمت کے جھنڈے گاڑے ہیں۔پنجاب کی ترقی کو’’مانا زمانہ اب ڈھونڈے کا نیازی کوئی اوربہانا‘‘۔انہوںنے کہا کہ نیازی صاحب نے 100دن کا ایجنڈا دیا ہے ۔عوام پوچھتے ہیں کہ انہوںنے پچھلے پانچ سال میں کیا کیا ۔

نیازی کی حکومت نے کے پی کے کو برباد کردیا اوراب 100دن کا ایجنڈا دے کر قوم کو بیو قوف نہیں بناسکتے ۔نیازی نے تو 100دن کا ایجنڈا دیا ہے ہم 1000سے زائدعوامی خدمت کے منصوبے مکمل کرچکے ہیں ۔تعلیم اورصحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے ،اس لئے میں کہتا ہوں کہ ’’سچی عزت ملتی ہے صرف کام سے…کچھ نہیں ہوتا نیازی کے الزام سے ‘‘،’’دیکھا کر تماشامداری گئے نیازی اور آصف زرداری گئے‘‘۔

یہ عناصر الزام لگاتے رہیں ،دن رات جھوٹ بولتے رہیں لیکن ہم عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ہماری حکومت نے محنت ،امانت اوردیانت کی داستانیں رقم کی ہیں جبکہ نیازی نے جھوٹ کے ریکارڈ بنائے ہیں ۔انہوںنے کے پی کے میں نہ تو کوئی ہسپتال بنایا اورنہ ہی کوئی تعلیمی ادارہ اوران کے بجلی پیدا کرنے کے دعوے بھی جھوٹے ثابت ہوئے ۔انہوںنے گزشتہ پانچ سالوں میں منفی چھ میگاوا ٹ بجلی پیدا کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ نیب آئینی ادارہ ہے،کرپشن کا کھوج لگانااس کی ذمہ داری ہے،تاہم احتساب شفاف ہونا چاہیے،اگر ایسا نہیں ہوگا تو پھرسوالات اٹھیں گے اور لوگ ضرور باتیں کریںگے۔انہوںنے کہا کہ جہاں اچھا کام ہوا ہے اس کی ستائش بھی ہونی چاہیے اور برے کام کی گرفت بھی لازمی ہے۔نیازی نے کے پی کے کا بیڑہ غرق کیا اورزرداری نے سندھ کو برباد اورکراچی کو کرچی کرچی کیا۔

انہوںنے کئی سو ارب روپے ہڑپ کیے،اس کا بھی احتساب اورحساب ہونا چاہیے۔بلاامتیاز احتساب سے ہی ملک کو صحیح معنوں میں قائدؒواقبالؒ کا پاکستان بنایا جاسکتا ہے ۔ میری عدالت عظمی ،نیب اورتمام اداروں سے درخواست ہے کہ آئیں ملکر پاکستان کی تعمیر کریں،اچھا کام کرنے والوں کی ستائش ،برے اور کرپٹ عناصر کو برے کے گھر تک پہنچائیں۔پارٹی چھوڑنے والوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کیلئے دعا ہی کرسکتا ہوں کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔

انہوںنے کہا کہ کل ایک انگریزی اخبار میں سروے چھپا ہے اس میں بھی پنجاب دیگر صوبوں سے آگے ہے۔ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اوراللہ تعالیٰ اس کااجر دے گا۔ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اوراس کی ملک بھر میں نمائندگی ہے پارٹی میں مشاورت کا عمل چلتا رہتا ہے اورپالیسی مشاورت سے بنتی ہے۔

ضروری نہیں کہ سب کسی رائے سے اتفاق کریں اوریہی جمہوریت کا حسن ہے۔انہوںنے کہاکہ نیازی صاحب نے 100دن کا ایجنڈا دیا ہے وہ یہ ایجنڈا دے کر کسے دھوکا دے رہے ہیں ۔انہوںنے گزشتہ پانچ سالوں میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا اورکے پی کے میں نہ تو کوئی ہسپتال بنایا اورنہ ہی کوئی تعلیمی ادارہ جبکہ پنجاب میں ہم نے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے بے پناہ منصوبے مکمل کیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ زرداری صاحب سندھ کو برباد اورکراچی کو کرچی کر چی کر کے دبئی چلے گئے ہیںانہوںنے قوم کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔2018ء کے انتخابا ت میں عوام دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیںگے اورعوام فیصلہ کریں گے کہ کس نے ان کی خدمت کی اور کس نے وقت برباد کیا۔