طلباء و طالبات کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے پنجاب یونیورسٹی میں معاہدہ

منگل 22 مئی 2018 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) پنجاب یونیورسٹی اور ملز سکلز کے درمیان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وائس چانسلر آفس میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں، سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور مینیجنگ ڈائریکٹر ملز سکلز لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ ارشد محمود، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر فوزیہ ہادی علی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

معاہدے کے مطابق طلباء و طالبات میں تنقیدی و تخلیقی سوچ اور قیادت کی صلاحیتوں کی نشوونما کے لئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں سے بھرپور ہیں اور یونیورسٹی انتظامیہ ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ہر شعبے میں بہترین انسانی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔