عام انتخابات میں پیپلز پارٹی ضلع بھر میں مضبوط اُمیدوار سامنے لائے گی، سید مصدق حسین غزنوی

منگل 22 مئی 2018 19:59

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات سید مصدق حسین غزنوی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی ضلع بھر میں مضبوط اُمیدوار سامنے لائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار وہ پیپلز سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ 2013کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو الیکشن مہم زور وشور سے نہیں چلانے دی گئی تھی لیکن اس بار نہ صرف بھرپور الیکشن مہم چلائی جائے گی بلکہ مضبوط اُمیدوار بھی کھڑے کیے جائیں گے جن کا بہت جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ حافظ آباد کے دوبڑے سیاسی گروپ اب تک اپنے پینل کا اعلان نہیں کر پائے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان دونوں سیاسی گروپوں پر لوگوں کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔حافظ آباد میں سیاست کے نام پرہونے والا جوڑ توڑ نہیں بلکہ مفاد پرستی کی سیاست کو پروان چڑھانے کی ناکام کوشش ہے جو کبھی بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گی اور ضلع حافظ آباد ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کا گڑھ ثابت ہو گا۔