گردوں کے مریضوں کے علاج کو ترجیح دینا ہوگی، ڈاکٹر عبد القدیر خان

اے کیو خان اسپتا ل کے لئے کاٹی کی جانب سے تقریب کا اہتمام، ایس ایم منیر ، طارق ملک، حسیب خان کی تعاون کی اپیل

منگل 22 مئی 2018 20:01

گردوں کے مریضوں کے علاج کو ترجیح دینا ہوگی، ڈاکٹر عبد القدیر خان
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) محسن پاکستان معروف ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں گردوں کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، علاج معالجے کی فراہمی کو ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ وہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کی جانب سے ڈاکٹر اے کیو خان اسپتال کی خدمات اجاگر کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر طارق ملک، سینئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، سینیٹر عبدالحسیب خان، زبیر چھایا، ندیم خان اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے قومی خدمت کے ساتھ ساتھ سماجی فلاح کے شعبے میں بھی قابل تحسین خدمات انجام دی ہیں، لاہور میں ان کے زیر سرپرستی قائم ہونے والے اسپتال بھی اسی خدمت کی شاندار مثال ہے۔

(جاری ہے)

کاٹی کے صدر طارق ملک نے اس موقع پر ڈاکٹر عبد القدیر کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور اس منصوبے سے متعلق تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ سینیٹر عبد الحسیب خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے محسن ہیں، سماجی خدمت کے ان کے کسی بھی منصوبے کے لئے قوم کوخود آگے بڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔ بعد ازاں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ڈاکٹر اے کیو خان اسپتال سے متعلق تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس منصوبے کی تکمیل کے لئے تعاون کی اپیل بھی کی۔