دوہری شہریت کے نام پر ملک میں اوورسیز پاکستانیوں کا استحصال فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے ،بیرسٹر امجد ملک

اوورسیز پاکستانی اپنے وطن میں کثیر مقدار میں زر مبادلہ بھجوانے کا ذریعہ ہیں اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی بڑی حیثیت رکھتے ہیں قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی اور ووٹ کا حق ہمارا درینہ مطالبہ ہے ،ْ، چیئرمین اورسیز پاکستانی بورڈز آف گورنرز

منگل 22 مئی 2018 20:15

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) اورسیز پاکستانی کے بورڈز آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ دوہری شہریت کے نام پر ملک میں اوورسیز پاکستانیوں کا استحصال فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے ،ْ سمندر پار پاکستانی پہلے ہی دنیا بھر میں لسانی ، مذہبی اور قومیت کی بنیادوں پر مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور آئے روز انہیں ان بنیادوں پر کسی نہ کسی مشکل کا بالمشافہ سامنا کرنا پڑتا ہے یہ ستم ظریفی کیا کم تھی کہ دوسری طرف اب ہمارے ملک میں بھی دوہری شہریت کے نام پر سمندر پار پاکستانیوں کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھنا انتہائی افسوسناک عمل ہے جس سے دنیا بھر میں اورسیز پاکستانیوں کے شدید تحفظات ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار بیرسٹر امجد ملک نے اپنے چیمبر میں ’’این این آئی ’’سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن میں کثیر مقدار میں زر مبادلہ بھجوانے کا ذریعہ ہیں اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی بڑی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت پاکستان نے جن 16 ممالک کے ساتھ دوہری شہریت رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے ان ممالک میں آباد دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو اُن کی دوہری شہریت کی بنا پر ایشو بنانا انتہائی افسوسناک عمل ہے کیونکہ یہ ایک سیٹل ایشو ہے ۔

امجد ملک نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے دل دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنے ملک کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ اپنی ملک کی ترقی میں آ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو ان کا استحصال کرنے کے بجائے انہیں خوش آمدید کہنا چاہئے ۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی اور ووٹ کا حق ہمارا درینہ مطالبہ ہے اور ہم اعلیٰ عدلیہ سے امید کرتے ہیں کہ وہ دوہری شہریت کے حامل سمندر پار پاکستانیوں پر قدغن لگانے کی بجائے انہیں یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ اورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے ۔