بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان کی بات اسلام آباد کے ایوانوں میں موثر طور پر اجاگر کرنا مقصود ہے،سعید احمد ہاشمی

منگل 22 مئی 2018 20:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی رہنماء سابق سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ 29 مارچ سے لیکر کل تک بی اے پی کے قافلے کو بے شمار افراد نے جوائن کیا ہے اور انشاء اللہ یہ قافلہ بڑھتا ہی چلا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان کی بات اسلام آباد کے ایوانوں میں موثر طور پر اجاگر کرنا مقصود ہے، قوم پرستی اور مختلف نعروں کی بنیاد پر تقسیم کی سیاست کو اب ختم ہونا چاہئے اور پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی سے مستعفی ہو کر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں عبدالرحمن اچکزئی طاہر کاکڑ حاجی عبدالقیوم عباس کاکڑ اور ان کے ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ جذباتی نعروں کا وقت گزر گیا اب بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے آج ٹیکنالوجی کا دور ہے اور دور جدید کے تقاضوں سے نبردآزما ہونے کے لیے آج کے چیلنجوں کا سامنا کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ مستقبل کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اس لئے ہمارے جوانوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ مستقل کی ذمہ داریوں سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے خود کو تیار کریں، انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے ہمیں چین سے سبق سیکھنا ہوگا جس نے اپنی محنت اور یکسوئی سے ترقی کے اہداف حاصل کر کے عالمی سطح پر خود کو منوایا ہے ہمیں بھی چین کو اپنے لئے قومی ترقی کا رول ماڈل بنانا ہوگا اس سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام سے قبل بلوچستان کے حقوق کا سیاسی تحفظ ایک خواب ہی تھا لیکن بی اے پی نے اس کو عملی جامہ پہنایا اور اب بلوچستان کے عوام کا کوئی استحصال نہیں کرسکتا وفاقی جماعتوں نے ہمیشہ بلوچستان کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں رکھا لیکن اب بلوچستان کے عوام کی اپنی جماعت بن چکی ہے جو بہتر طور پر بلوچستان کا مقدمہ اسلام آباد کے ایوانوں میں لڑے گی اور بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق دلا کر ہی رہے گی ۔