ضلع کے تمام ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ہیٹ ویوز کے پیش نظر مطلوبہ انتظامات مکمل کئے جائیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

منگل 22 مئی 2018 20:17

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرI عمران الحسن نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں رکنے سے ضلع ٹھٹھہ میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، اس صورت حال کے باعث ضلع میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ہیٹ ویو کے پیش نظر متعلقہ محکموں کے افسران سے احتیاطی تدابیر اور انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرI- عمران الحسن نے محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور مرف کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام اسپتالوں اور صحت مراکز میں ہیٹ ویوز کے پیش نظر مطلوبہ انتظامات مکمل کئے جائیں اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کرنے اور زندگی بچانے والی ادویات کی وافر مقدار سمیت ڈاکٹرز و عملے کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ ضلع میں تحصیل سطح پر گشتی موبائل ٹیمیمں تشکیل دیں تاکہ ضرورت کے مطابق متاثرہ افراد کو صحت مراکز منتقل کرکے فوری علاج و معالج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انہیں ضلع کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ہیٹ ویو ایمرجسنی اجلاسز کے متعلق تبادلہ خیال کے لئے بھی تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ایس ڈی او حیسکو ٹھٹھہ خالد سہتو کی کارکردگی کو سرہاتے ہوئے کہا کہ زیادہ گرمی اور ہیٹ ویو کی صورت میں بالخصوص اسپتالوں اور ایمرجنسی سینٹرز پر بجلی کی بلا تعطیل فراہمی جاری رکھی جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ٹھٹھہ کو ہدایت کی کہ وہ لوکل گورنمنٹ کے ماتحت تمام صحت مراکز میں موجود عملے کو محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی ہدایات اور گائیڈ لائن پر عمل درآمد کرنے سمیت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، واسا وغیرہ کو بلا تعطیل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند بنائیں۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ عوامی مقامات جیسا کہ بس اسٹاپوں، داخلی و خارجی مقامات پر ٹھنڈے پانی کے اسٹالز اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں برف اور پانی کی کافی مقدار میں موجودگی اور شدید گرمی کی صورت میں کے ڈبلیو اینڈ ایس بی انتظامیہ کو مفت واٹر ٹینکر سروس کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے محمکہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہیث ویوز سے بچا کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے متعلق تعلیم اداروں میں عوامی آگہی پروگرام منعقد کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرI- عمران الحسن نے کہا کہ حالیہ گرمی کی لہر چونکہ رمضان المبارک کے دوران ہو رہی ہے لہذا عوام کو چاہیے کہ وہ روزے کی حالت میں ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے بلا ضرورت سائے دار جگہ سے مت نکلیں اور اگر مجبوری میں باہر نکلنا پڑے تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ باہر نکلتے وقت سر اور کندھے پر گیلا کپڑا رکھیں اور ہلکے رنگوں والے کپٹرے پہنیں، جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں اور سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں جبکہ سحر اور افطار میں ٹھنڈی غذاں کا استعمال کریں۔ شدید گرمی میں 4 سال سے کم عمر بچے اور 60 سال سے زائد افراد کو خصوصی احتیاط کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد، ذیابطیس یا شوگر، امراض قلب اور ہائپر ٹینشن یا فشار خون کی زیادتی کے مریض شدید گرمی میں باہر نہ نکلیں اور وہ افراد جو دھوپ میں کام کرتے ہیں انہیں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور انہیں مسلسل اپنے جسم پر پانی ڈالتے رہنا چاہیے۔ اس سے قبل تمام متعلمہ محکموں کے افسران نے ہیٹ ویوز سے بچنے کے لئے کئے گئے انتظامات کے متعلق اجلاس کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔