بھارت پاکستان کے پانیوں پر ڈیم بنا رہا ہے لیکن حکمران خاموش ہیں، صدر ملی مسلم لیگ

منگل 22 مئی 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے پانیوں پر ڈیم بنا رہا ہے لیکن حکمران خاموش ہیں۔ملی مسلم لیگ پاکستان کو امریکہ و مغر ب کی غلامی سے نکالے گی۔ہم پاکستان کو عظیم معاشی طاقت بنائیںگے ۔ اس کے خزانوں کی حفاظت اورکرپشن کا خاتمہ کریں گے۔سچ ،امانت و دیانت،وعدے کے ایفا اور احترام انسانیت کی سیاست کریں گے۔

آنیوالے الیکشن میں پاکستانی قوم محب وطن امیدواروں کو کامیاب کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانانوالہ کے مقامی ہال میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا منظور احمد،سابق وزیر جنگلات رائے اعجاز احمد خان،ملی مسلم لیگ شیخوپورہ کے کنوینئر چودھری شہزاد ورک،ڈاکٹر عتیق الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیف اللہ خالد نے کہا کہ پاکستان ستر سال پہلے آزاد ہوا لیکن ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کو سودی قرضوں کی بنیاد پر امریکہ،مغرب،ورلڈ بینک،آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیل دیا ،ہم دو سو چھہتر کھرب کے مقروض ہیں۔

ہر پیدا ہونے والا بچہ ڈیڑھ لاکھ کا مقروض ہوتا ہے۔ہم نے عزم کیا ہے کہ پاکستان کو سودی قرضوں سے نجات دلائیں گے جس دن پاکستان قرضوں کی مصیبت سے نکل گیا وہ حقیقی آزادی کا دن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تربیت ،اصلاح کی سیاست کرنی ہے۔پاکستانی عوام کو پاکستان کے دفاع کے لئے کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ہم پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

موجودہ ملکی سیاست چار ستونوں جھوٹ،خیانت،گالی گلوچ،دھوکے بازی پر قائم ہے۔ملی مسلم لیگ ان کے مقابلے میں سچ،امانت و دیانت،ایفائے عہد کی سیاست لائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشن کنگا ڈیم کو مکمل کر لیا،کشن گنگا اور بگلہار سے لاکھوں کیوسک پاکستان کا پانی روکا جا رہا ہے لیکن پاکستان سے کوئی بولنے والا نہیں۔ساٹھ میں جواہر لال نہرو اور ایوب خان نے کراچی میں سندھ طاس معاہدہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو بڑے ڈیم،پانچ بڑے بیراج اور دس بڑی رابطہ نہریں بنائیں۔

دس سال میں ہم نے دنیا کا بہترین نہری نظام قائم کیا۔لیکن حکومتوں کی مسلسل عدم توجہ کے باعث بھارت ہمارے پانیوں پر ڈیم بنا رہا ہے۔ہم نے عزم کیا ہے کہ پانیوں کو آزاد کروائیں گے۔زراعت کو مستحکم کریں گے۔مختلف بحرانوں سے ملک کو نکالیں گے اوراپنی جانوں پر کھیل کر پاکستان کا دفاع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا ہے اس کے لئے رول ماڈل نبی کریم ﷺ کی ذات ہے۔جس نظریئے کی بنیاد پر مدینہ وجود میں آیا تھا اس نظریئے کی بنیاد پر دنیا میں ایک ملک پاکستان قائم ہے۔جس طرح مدینہ کو بیرونی و اندرونی خطرات تھے آج اسطرح وطن عزیز پاکستان کو بیرونی و اندرونی خطرات درپیش ہیں۔ہمیں دشمنوں کی سازشوں کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔