عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس

منگل مئی 20:38

عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران حکومت کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کی انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال اور ٹکٹوں کے فیصلوں اور اجراء پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی فوری طلبی پر اتفاق کیا گیا۔ پارلیمانی بورڈ امیدواروں کی پہلی کھیپ کیلئے ٹکٹوں کے اجراء کا فیصلہ کرے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً چیئرمین کی جانب سے پرویز خٹک اور ان کی کابینہ کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کرپشن کی پاداش میں پارٹی سے نکالے گئے اراکین پختونخوا اسمبلی کو صفائی کا آخری موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ اتوار تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں خواتین اور اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں کیلئے درخواستوں کی حتمی تاریخ 31 مئی مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی حکومت کے ابتدائی سو ایام کے لائحہ عمل پربھی بات چیت ہوئی۔