ترک بحری جہاز پر میزائل حملے کے ذمہ دارایران نواز حوثی باغی قرار،عرب عسکری اتحاد

حوثی ماہ صیام میں بطور امداد سامان پر بھی قابض،شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں،ترجمان کرنل المالکی

منگل مئی 21:26

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترک بحری جہاز پر میزائل حملے کے ذمہ دارایران نواز حوثی باغی ہیں،ماہ صیام میں بطور امداد روانہ کئے گئے سامان پر بھی قابض ہو گئے،شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کی آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے الحدیدہ بندرگاہ پر ترکی کے بحری جہاز پر میزائل حملے کی ذمہ داری ایران نواز حوثی باغیوں پر عاید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے سوموار کے روز الحدیدہ بندرگاہ پر ترکی کے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔۔سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے ترکی کے جس جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا وہ گندم لیکر آ رہا تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں المالکی نے کہا کہ حوثی باغیوں نے ماہ صیام کے دوران یمنی شہریوں کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان پر بھی قبضہ کر لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی جنگ کے دوران شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی امداد بھی لوٹ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترکی المالکی نے کہا کہ یمن کے سقطری جزیرے میں شاہ سلمان ریلیف مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صعدہ گورنری کی مزید کئی کالونیوں اور قصبوں کو باغیوں سے چھڑانے کے بعد ان پر یمنی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔عرب اتحادی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یمن کی سرحد پر حالات پرامن ہیں۔ فوج کے حوصلے بلند اور باغیوں کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔