انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیئے خوشخبری، انتخابی مہم کے لیے 7 روز اضافی ملیں گے

پہلی بار 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ، 10 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دیہی استعمال کریں گے‘ 2018 کے عام انتخابات کے لیے ووٹرز کی حتمی فہرست 31 مئی تک جاری کردی جائے گی‘ آئندہ عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے 10 کروڑ سے زائد ہونے کا امکان

منگل 22 مئی 2018 21:30

انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیئے خوشخبری، انتخابی مہم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیئے خوشخبری، انتخابی مہم کے لیے 7 روز اضافی ملیں گے، ملکی تاریخ میں پہلی بار 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ،10 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔ذرائع کے مطابق ماضی میں 48 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جاتا رہا ہے لیکن انتخابات 2018 کے شیڈول میں 7 روز اضافی دیئے جائیں گے۔

انتخابی دن سے 28 دن قبل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے 21 کی بجائے 28 دن دیئے جائیں گے ۔بیلٹ پیپرز کی چھپائی انتخابی روز سے 28 روز قبل شروع ہوجائے گی۔ 55 دنوں پر مشتمل انتخابی شیڈول کا اعلان پولنگ ڈے سے 60 روز قبل متوقع ہے الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ووٹر فہرستوں پر نظر ثانی مہم کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 63 ہزار 228 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ 4 ہزار 353 ہے۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق میں بھی اضافہ ہوا ہے اور نئی ووٹر فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں ایک کروڑ 26 لاکھ 58 ہزار 875 کا فرق موجود ہے۔ 2018 کے عام انتخابات کے لیے ووٹرز کی حتمی فہرست 31 مئی تک جاری کردی جائے گی۔

آئندہ عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے 10 کروڑ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے لگ بھگ 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔ پورے ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے علاوہ ازیں تربیت یافتہ انتخابی عملے نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق رواں ماہ کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کے لیے حتمی پولنگ اسکیم کا بھی اعلان کردیا جائے گا، انتخابات کے لیے تقریبا 90 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔