آزادکشمیر حکومت کا قبل از وقت بجٹ پیش کرنا مبینہ کرپشن بدعنوانیوں کو چھپانے کی کوشش ہے‘ بجٹ کے اعداد شمار زمینی حقائق سے مماثلت نہیں رکھتے ہیں‘ رائے ونڈ کے غلاموں نے ریاست کی تعمیر ترقی کے فنڈز کو روک کر پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی کیلئے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید کی بات چیت

منگل 22 مئی 2018 21:44

آٹھ مقام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماہ سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت کا قبل از وقت بجٹ پیش کرنا مبینہ کرپشن بدعنوانیوں کو چھپانے کی کوشش ہے۔ بجٹ کے اعداد شمار زمینی حقائق سے مماثلت نہیں رکھتے ہیں۔ رائے ونڈ کے غلاموں نے ریاست کی تعمیر ترقی کے فنڈز کو روک کر پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی کے لئے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

وادی نیلم میں لیسواء اور کیرن بائی پاسز1993 میں بنے ہوئے ہیں ان کی مرمت کے لئے فنڈز بجٹ2014-15 کا حصہ ہیں۔ فاروق حیدر اور سپیکر غلام قادر یہ بتائے کہ نواز شریف نے کشمیریوں سے راولپنڈی سے مظفرآباد ریلوے ٹریک بنانے، مظفرآباد ست تائوبٹ ایکسپریس وے بنانے آزادکشمیر کے بڑے شہروں میں گیس فراہمی کے اعلانات کئے تھے وہ منصوبہ جات کہاں ہیں پرانے اور سن صفر کے منصوبہ جات کو 2018 کے بجٹ تقریر میں ذکر مسلم لیگ ن حکومت کی پرلے درجے کی نااہلی ہے۔

(جاری ہے)

تمام اعداد شمار جھوٹ فراڈ کا مجموعہ ہیں ۔ پچھلے ساٹھ سالوں کے ترقیاتی منصوبہ جات کے اعداد شمار اکٹھے کر کے بجٹ 2018 بنایا گیا ہے۔ حکومت کے تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔ سالانہ 25 ارب کا ترقیاتی بجٹ کہا خرچ ہوا ہے حکومت کو مکاری نہیں کرنے دی جائے گی نیلم والوں کا مسیحا چراخ بیگ بن چکا ہے۔ مخصوص عناصر مافیا بدکردار لوگوں کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

سرکاری ملازمین کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے ایڈہاک کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے ان کی مراعات میں اضافہ کے بجائے انھیں نوکریوں سے نکال کر حکومت اپنے ان پڑھ چمچوں کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے اس اعداد شمار کے گورکھ دھندے کو مسترد کرتی ہے۔ حکومت کے خلاف تحریک جاگراں حادثہ کی وجہ سے اور رمضان کے تقدس کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے۔ لیکن پیپلز پارٹی مسلسل عوام کے ساتھ رابطہ میں ہے۔ عید کے بعد آزادکشمیر میں عوام کو کرپٹ بدیانت حکومت سے نجات دلائیں گے۔