سندھ میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر گیس کنکشن دیئے جارہے ہیں،شیخ آفتاب احمد

کنکشنوں کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے،حکومت نے پانچ سال معاملات افہام و تفہیم سے چلائے، پنجاب بڑا بھائی ہے لیکن چھوٹا بھائی بن کر آپ کی تابعداری کر رہا ہے،وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا توجہ مبذول نوٹس کا جواب

منگل مئی 21:47

سندھ میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر گیس کنکشن دیئے جارہے ہیں،شیخ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سندھ میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر گیس کنکشن دیئے جارہے ہیں کنکشنوں کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے،حکومت نے پانچ سال معاملات افہام و تفہیم سے چلائے، پنجاب بڑا بھائی ہے لیکن چھوٹا بھائی بن کر آپ کی تابعداری کر رہا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میںنذیر احمد بھگیو کے صوبہ سندھ میں نئے صارفین کو گیس کے نئے کنکشنوں کی عدم فراہمی سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سندھ میں 28لاکھ گیس صارفین ہیں۔

سالانہ 70 سے 80 ہزار نئی درخواستیں آتی ہیں۔ 45دن کے اندر کنکشن دے دیا جاتا ہے، گیس بھی وافر ہے، کمرشل پر پہلے پابندی تھی لیکن ایل این جی کے بعد پابندی نہیں ہے، سوئی سدرن میں نہ کوئی گیس کا مسئلہ ہے نہ کنکشن دینے میں کوئی دشواری ہے۔

(جاری ہے)

کنکشنوں کی فراہمی کا معاملہ خوش اسلوبی سے جاری ہے۔ نذیر احمد بھگیو نے کہا کہ سندھ میں اس وقت بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ آرٹیکل 158 کے حوالے سے معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں زیر غور ہے۔ ہم نے پانچ سال معاملات افہام و تفہیم سے چلائے ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے لیکن چھوٹا بھائی بن کر آپ کی تابعداری کر رہا ہے۔ آپ روز بات کرتے ہیں اور ہم محبت سے آپ کی طرف دیکھتے ہیں۔ چند دن رہتے ہیں ہمیں پیار اور محبت سے ملنا ہے۔