پشاور پولیس کے ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز ، 45ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ و منشیات برآمد

منگل 22 مئی 2018 22:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کر کے سنگین جرائم میں مطلوب 45جرائم پیشہ ومنشیات فروشوں کو گرفتارکیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ اورمنشیات برآمدکر لی ہے ۔ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور قاضی جمیل الرحمن کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز پشاورجاوید اقبال کی نگرانی میں پشاور پولیس نے کینٹ ، سٹی، رورل اور صدر ڈویژن میں جرائم پیشہ ا ور منشیات فروشوں کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرتے ہوئے 45 ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر ان کے قبضے سے 8کلو گرام چرس ،2عدد بندوق ،5عدد پستول اور39عدد کارتوس برآمد کرکے گرفتار کر لیا۔

دوران آپریشن تحفظ مکانات ایکٹ کے تحت 20افراد کو بھی نامکمل کوائف پر گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے ماہ رمضان کے مقدس مہینہ میں امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کی خاطر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں،جن میں اب تک کثیر تعداد میں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن اور منشیات بر آمد کی گئی ہیں،جن میں تھانہ تہکال پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 6 منشیات سمگلرز کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 15 کلو ہیروئن اور 4 کلو گرام چرس بر آمد کیا تھا ۔

جس کے سلسلے میں گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے اپنے دفتر میںایک مختصر تقریب کا انعقاد کرکے کارروائی میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات و توصیفی اسناد سے نوازا۔اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس اعلی کارکردگی دکھانے والے افسروں و اہلکاروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورمحکمہ پولیس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اسی طرح ان کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔