ْ ایم ایم اے پاکستان کو اس کے قیام سے ہم آہنگ کرنیکی جدوجہد کررہی ہے ،

2018کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے ملک میں نظام مصطفی ؐکا نفاذ کرینگے،سابق صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان کا شمولیتی تقریب سے خطاب

منگل 22 مئی 2018 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) سابق سینئر وزیر بلدیات و پارلیمانی لیڈ رجماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کو اس کے قیام سے ہم آہنگ کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ، ان شا ء اللہ 2018کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے ملک میں نظام مصطفی ؐکا نفاذ کریں گے تاکہ جس عظیم مقصد کیلئے ہمارے بڑوں نے تاریخ کی بے مثال قربانیاں پیش کرکے پاکستان حاصل کیا تھا اسے حاصل کیا جاسکے ، 2018 کے انتخابات میں عوامی مسائل کے حل اور صوبے کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کیلئے عوام کے پاس ایم ایم اے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، ملک میں جمہوریت اور سیاست چند گھروں کی لونڈی بن کر رہ گئی ہے اور عام آدمی محض مردہ باد اور زندہ باد کے نعرے لگانے اور ان مگر مچھوں کو عیش و عشرت کا سامان بہم پہنچانے پر مجبور ہے ، ان لٹیروں اور ڈاکوئوں سے عوام کی جان صرف جماعت اسلامی چھڑا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ لر جم دیر بالا میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے دوسری جماعتوں سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے دیر کے تعمیر و ترقی کے لیے خطیررقم خرچ کر کے میگا پراجیکٹس شروع کیے ہیں جس کی تکمیل سے علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ ہوگا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، اقتدار اور وزارتو ں میں رہنے کے باوجود جماعت اسلامی اراکین کے دامن کرپشن سے پاک ہیںہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے،جماعت اسلامی قوم کو ایسی قیادت دینا چاہتے ہیں جو دیانتداری کے ساتھ پاکستان کو اس کے قیام سے ہم آہنگ کر سکتی ہو۔انہوںنے کہاکہ ملک میں مستقبل دینی جماعتوں کا ہے ۔