سبیکا شیخ کی ہلاکت ہر ماں کیلئے صدمہ ہے‘پاکستانی قوم اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے‘ حنا پرویز بٹ

دہشتگردی پوری دنیا کیلئے زہر قاتل بن چکی ہے۔تمام ممالک کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متحد ہونا پڑے گا‘گفتگو

منگل 22 مئی 2018 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ سبیکا شیخ کی ہلاکت ہر ماں کیلئے صدمہ ہے۔پاکستانی قوم اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔دہشتگردی پوری دنیا کیلئے زہر قاتل بن چکی ہے۔تمام ممالک کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔ہم کب تک ان درندہ صف لوگوں کے ہاتھوں پر شہریوں کی لاشیں اٹھاتیں رہیں گے۔

دنیا کا کوئی مذہب بھی کسی شہری کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں اس ناسور سے مکمل چھٹکارے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنانا پڑے گا۔رکن اسمبلی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا سبیکا کی المناک موت نے پوری قوم کو رولا دیا ہے۔مسلمانوں کو دہشتگرد کہنے والا امریکہ خود غیر ملکیوں کیلئے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران امریکہ میں یہ چھٹا واقعہ رونما ہو چکا ہے جس میں غیر مسلم دہشتگردوں نے عام شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے اس میں مسلم شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔اگر امریکہ،برطانیہ ،فرانس سمیت بڑے ممالک نے اس ناسور کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ کیے تو اس سے کوئی ملک محفوظ نہیں رہ سکتا۔