پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نی169 کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کر دیا، نوٹیفکیشن جاری

منگل 22 مئی 2018 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) پنجاب یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر گریڈ ایک سے پانچ تک کے ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ اور ایڈہاک پر کام کرنے والے 169 ملازمین کی مستقل بنیادوں پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ منظوری کے بعد انتظامیہ نے متعلقہ ملازمین کو ریگولر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے پانچ میں کام کرنے والے و ہ ملازمین جو متعلقہ آسامی کے اہلیت کے معیار پر اترتے ہیں اور کم ازکم مسلسل پانچ سال سے اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں ان کو فوری طور پر ریگولر کر دیا گیا ہے۔ ریگولر ہونے والوں میں خواتین، معذور اور اقلیتی کوٹے میں کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔ ان ملازمین کو سات روز میں جوائننگ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

ریگولر ہونے والے ملازمین نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان اور ایڈیشنل رجسٹرار ٹو ملک محمد ظہیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔مستقل ہونے کی خبر سن کر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی ایک یادگار عیدی سے کم نہیںہے۔