انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اظہرعلی، سرفراز اور اسد کا کردار اہم ہو گا،یونس خان

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، سرفراز احمد بہترین قائد ہیں، وہ مشکل وقت میں دبائو کو ہینڈل کر سکتے ہیں،سابق کپتان

منگل 22 مئی 2018 22:45

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اظہرعلی، سرفراز اور اسد کا کردار اہم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) قومی ٹیم کے سابق عظیم بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اظہرعلی، سرفراز احمد اور اسد شفیق کا کردار اہم ہو گا، بابراعظم باصلاحیت بلے باز ہیں اور امید ہے کہ وہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے، ہماری ٹیم کی تیاری اچھی ہے اسلئے ٹیسٹ سیریز زبردست ہو گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ(کل)جمعرات سے شروع ہو گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں یونس خان نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے، گرین شرٹس کیلئے اسے ٹیسٹ سیریز میں ہرانا آسان نہیں ہو گا، سیریز میں فتح کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ دار احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد بہترین قائد ہیں، وہ مشکل وقت میں دبائو کو ہینڈل کر سکتے ہیں، کپتان کے ساتھ ساتھ اظہرعلی اور اسدشفیق کا سیریز میں کردار اہم ہو گا، میرے خیال میں اظہرعلی اچھی فارم میں ہیں، اسد کو بھی چاہیے کہ وہ بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں، بابراعظم بھی ابھرتے سٹار ہیں، وہ نہ صرف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی عمدہ پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ وہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے، بعض لوگوں کو ٹیم کی کارکردگی پر تشویش ہے لیکن میرے خیال میں ہماری ٹیم سیریز کیلئے پوری طرح سے تیار ہے اسلئے مجھے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ یونس خان کو پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں اور زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :