تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گے یا نہیں، قمر زمان کائرہ نے حتمی فصلہ سنا دیا

muhammad ali محمد علی منگل مئی 20:51

تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گے یا نہیں، قمر زمان کائرہ نے حتمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) قمر زمان کائرہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کے حوالے سے حتمی فصلہ سنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ انتخابات قریب آتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے بڑی بڑی سیاسی وکٹیں اڑانے کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک انصاف نے کچھ ہی دنوں میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی 100 سے زائد بڑی بڑی وکٹیں اڑا لی ہیں۔

جبکہ کچھ روز سے خبریں زیر گردش ہیں کہ پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنما قمر زمان کائرہ بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ اس حوالے سے اب پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی وضاحت کر دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو لے کر کئی مرتبہ وضاحت کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ انہیں اس معاملے کی بار بار وضاحت کرنے پر اب شرم آتی ہے۔ قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ تحریک انصاف اور عمران خان کا احترام کرتے ہیں، تاہم وہ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر کہیں نہیں جا رہے۔ وہ سیاست تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا ہے کہ ان کی رائے میں لوگوں کو سیاسی جماعتیں نہیں بدلنی چاہیئں۔

سیاسی کارکنوں کو ہمیشہ ایک ہی سیاسی جماعت کے اندر رہ کر جدوجہد کرنی چاہیئے۔ پارٹیوں کو بدلنے والا کام درست نہیں ہے۔ جبکہ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قمر زمان کائرہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ ایک قابل فخر سیاسی کارکن ہیں۔ یہ جس بھی سیاسی جماعت کا حصہ ہوں گے، اس کیلئے یہ بات باعث فخر ہوگی۔