نواز شریف کی جرات نے پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا،چودھری محمد اکرام

منگل 22 مئی 2018 23:22

سیالکوٹ۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام اور سینئر نائب صدر تحصیل سیالکوٹ عبدالمجید بٹ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جرات نے پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا جس کے جواب میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ کو اتحاد ویگانگت کی ناقابل تسخیر قوت بنا دیا ہے ۔

الزامات کی بدترین گولہ باری کے باوجود عوام مسلم لیگ ( ن ) اور نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ( ن) اور عوام کے محبوب قائد کی مقبولیت کا اندازہ مسلم لیگ کے عوامی جلسوں سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ہمیشہ مصنوعی سہارے ڈھونڈنے والے دھرنا گروپ کے سربراہ کو عوام ہر محاذ پر مسترد کر چکے ہیں عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیں جن کی سیاست صرف جھوٹ اور الزام تراشی کے گرد گھومتی ہے ان سیاسی عناصر کو یہ بات ذہین نشین رکھنی چاہئے کہ وہ اپنے غیر جمہوری طرز عمل کے ذریعے قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتے ہیں ۔