چیئرپرسن ضلع کونسل حناء ارشد وڑائچ کی زیر صدارت اجلاس، ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبہ جات کی تعمیرکا تفصیلی جائزہ لیا

منگل 22 مئی 2018 23:51

سیالکوٹ۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے ایک اہم میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے جاری تمام ترقیاتی منصوبہ جات کی تعمیرکا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرپرسن نے ضلع کونسل کے انجینئرز، ٹھیکیداروں اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدائت کی کہ ان تمام ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری رضا سبحانی، ملک ضیافت علی اعوان اور چوہدری جمیل اشرف بریار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر ضلع کونسل سیالکوٹ دیہی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے مقامی بلدیاتی نمائندوں کی زیر نگرانی تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دیہی عوام کو بلاشبہ قومی ترقیاتی دھارے میں شامل کر کے ان کا معیار زندگی بلند کیا جارہا ہے۔

تمام بنیادی سہولیات دیہی عوام کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ چیئرپرسن نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بلاامتیاز بے لوث عوامی خدمت کا اپنا شعار بنا کر عوامی اعتماد پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل دیہی عوام کا احساس محرومی ختم کر رہی ہے۔ ترقی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔حکومت کھوکھلے نعرے لگانے کی بجائے عملی اقدامات کر کے عوام سے کئے گئے تمام تر وعدے بتدریج پورے کر رہی ہے۔چیئرپرسن نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں عوامی ترقی و خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا سنہری دور جاری ہے۔بے لوث عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔