یونین کونسل جھنگڑہ کی عوام رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں بھی پانی کی بوند بوند کو ترس گئی

منگل مئی 23:28

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) یونین کونسل جھنگڑہ کی عوام رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں بھی پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ہے، محکمہ پبلک ہیلتھ نے بے حسی کا ریکارڈ قائم کر دیا۔

(جاری ہے)

حویلیاں کی یونین کونسل جھنگڑہ کے رہائشی چوہدری اسد نواز اور دیگر نے حویلیاں پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونین کونسل جھنگڑہ کے مختلف دیہات موہڑہ، موہری، کُندہ اور کاہی دا میرہ میں پانی کا مسئلہ بدستور جاری ہے جس کی وجہ ایک عرصہ سے خراب ٹیوب ویل ہے ۔

شہریوں نے بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کی طرف سے بارہا یقین دہانی کرانے کے باوجود عوام کا پانی مہیا کرنے کا سلسلہ شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے عوام سخت تکلیف میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ عوامی نمائندے بھی صرف ووٹ کی خاطر اس علاقہ کا رخ کرتے ہیں اور الیکشن کے بعد عوامی مسائل پر بالکل توجہ نہیں دیتے۔ شہریوں نے کہا کہ اگر ہمیں پانی کی جلد فراہمی نہ کی گئی تو عنقریب اپنے اہل و عیال کو ساتھ لیکر احتجاج کریں گے اور شاہراہ ریشم کو بند کریں گے۔