حویلیاں کینٹ کا ٹیوب ویل ایک ہفتہ سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود ٹھیک نہیں ہو سکا، لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور

منگل 22 مئی 2018 23:28

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) حویلیاں کینٹ کا ٹیوب ویل ایک ہفتہ سے زائد عرصہ گذرنے کے باوجود ٹھیک نہیں ہو سکا، لوگ ابھی تک آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ سلطان پور حویلیاں کینٹ کا ٹیوب ویل جلد از جلد ٹھیک کروایا جائے اور اس دوران عوام کو متبادل ٹیوب ویل سے پانی فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سلطان پور حویلیاں کینٹ کے شہری اور پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان رہنما باسط خان جدون نے حویلیاں پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حویلیاں کینٹ کے ٹیوب ویل میں پائپ کی کیسنگ ایک ہفتہ پہلے ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے محلہ حاجی خان باز، محلہ تنولی، محلہ جدون آباد اور محلہ شیخاں میں عوام کو گندا پانی مہیا کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

باسط خان جدون نے بتایا کہ جو پانی گھروں میں آ رہا ہے وہ پینا تو درکنار کسی اور استعمال کے قابل بھی نہیں، کینٹ بورڈ سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے صرف فوٹو سیشن اور سیاسی بیانات تک ہی محدود ہیں اور انہیں عوامی مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ اس موقع پر شہریوں نے حویلیاں کینٹ بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو سے اپیل کی کہ اس معاملہ کا فوری نوٹس لیا جائے اور رمضان کریم کے بابرکت مہینہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔