فنکاروں کیلئے مقرر کیا گیا اعزازیہ منظور نظر افراد میں تقسیم کرنے پر ایبٹ آباد کے سینئر فنکار سراپا احتجاج بن گئے

منگل 22 مئی 2018 23:29

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) صوبائی حکومت کی طرف سے فنکاروں کیلئے مقرر کیا گیا اعزازیہ منظور نظر افراد میں تقسیم کرنے پر ایبٹ آباد کے سینئر فنکار سراپا احتجاج بن گئے۔ ایبٹ آباد کے فنکاروں اور گلوکاروں نے انصاف کے حصول کیلئے عدالتوں سے رجوع کرنے اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کے سینئر فنکاروں اور گلوکاروں خالد شروزی، مجید بھٹی، نوید انجم، زاہد تنولی، ناصر مسیحی، احتشام، پہولا اور دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے فنکاروں کیلئے اعزازیہ حق داروں کے بجائے منظور نظر لوگوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، یہ ناانصافی ہے جو لوگ فنکار ہی نہیں یہ اعزازیہ انہیں دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں کل 50 فنکار ہوں گے لیکن محکمہ ثقافت نے ملی بھگت سے 22 من پسند افراد کو اعزازیہ کیلئے مقرر کر کے بیشتر لوگوں کو نظر انداز کر دیا ہے، ہزارہ اباسین آرٹس کونسل سے نام لئے گئے ہیں، ہزارہ اباسین آرٹس کونسل میں اس وقت قبضہ مافیا کا راج ہے۔