بلوچستان کے وسائل کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے والوں کا راستہ روکنے کیلئے عوامی نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا، شکیلہ نوید ،شہناز نصیر

منگل 22 مئی 2018 23:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اراکین شکیلہ نوید دہوار، ڈاکٹر شہناز نصیر بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹنے والوں کا راستہ روکنے کیلئے عام انتخابات میں بلوچستان کے عوام کو اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔

پارٹی کے سہ رنگا بیرک میں سرخ رنگ ہمارے شہدا کے لہو کی عکاسی زرد رنگ بلوچستان کے وسائل کے حصول کیلئے جدوجہد کی نشانی ہے اور سبز رنگ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی ترقی و خوشحالی اور صوبے کی ترقی کی علامت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے بی این پی قومی سیاسی و جمہوری جماعت ہونے کے ناطے بلوچستان سے نفرتوں کا خاتمہ کرکے صوبے کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحدکرنے کی جدوجہد کو آگے بڑھا رہی ہے صوبے کے مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما و کارکنوں کی پارٹی میں شمولیت قیادت پر اعتماد کے مظہر ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے جب بھی عوام کو انکے حقوق اوروسائل سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی پارٹی نے عوام کو متحد کرکے یہ واضح پیغام دیا کہ ہم اپنے وسائل اور حقوق کیلئے متحد ہیں۔مادر وطن کے ساتھ اپنے مقدس اور گہرا رشتہ کو نباتے ہوئے عوام کی تہذیب و تمدن بقاشناخت وجود اور سرزمین کی حفاظت اور حقوق کی تحفظ کیلئے پارٹی قیادت سمیت کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا مگر اپنے نظریات اور قومی مفادات پر سودا بازی نہیں کی۔

بیان میں کہا گیا ہے ہر دور حکمرانی میں بلواسطہ یا بلاواسطہ مختلف ناموں سے اقتدار میں رہنے والے موقع پرست عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ایک مرتبہ پھر عوامی مفادات کی باتیں کر رہے ہیں۔عوام کی پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اور عوامی پذیرائی میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے لوگوں نے عوام کی فلاح و بہبود معاشرتی زندگی میں تبدیلیاں لانے کی بجائے 30 سالوں سے ذاتی مفادات حاصل کرنے والوں کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے ایک روشن مستقبل کے آغاز کیلئے بلوچستان کے غیور عوام پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچا کر صوبے کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :