’’ مسلم چائنا سٹوڈنٹس یونین ‘‘ کے خصوصی وفد کا چینی قونصلر چانسلر کے ہمراہ انجمن فیض الاسلام کا دورہ

لاکھوں روپے مالیت کی مختلف اشیاء اپنا گھر کے بچوں میں تقسیم کیں

منگل مئی 23:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) رنیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل ) ، انٹر نیشنل اسلامی یونیورسٹی اور اسلام آباد کی دیگر یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم چینی طلبہ کی تنظیم ’’ مسلم چائنا سٹوڈنٹس یونین ‘‘ کے ایک خصوصی وفد نے اسلام آباد میں چین ایمبیسی کے قونصلر چانسلر لی پان لنگ کے ہمراہ گذشتہ روز انجمن فیض الاسلام کا خصوصی دورہ کیا اور لاکھوں روپے مالیت کی مختلف اشیاء اپنا گھر کے بچوں میں تقسیم کیں ․ ان اشیائے میں بستر، بستر کی چادریں ، تکئیے ، غلاف ، ایل ای ڈیز ، روم کولر اور الیکٹرانکس کی دیگر چیزیں شامل تھیں ․ اس موقع پر انجمن کی جانب سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے سنئیر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے چین ایمبیسی کے مہمانوں اور چینی طلبہ کو انجمن کا مختصر تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کسی سرکاری یا غیر سرکاری امداد کے بغیر مخیر لوگوں کے تعاون سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دے رہا ہے ․ یہ ادارہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ہدایت پر 1943 ء میں قائم ہوا تھا اور تب سے اب تک اپنی بے مثال خدمات کی بدولت ترقی کر رہا ہے اور اس کی ترقی کے ساتھ ساتھ قومی یک جہتی و ہم آہنگی جیسا ایک اعلی و ارفع مقصد بھی پروان چڑھ رہا ہے جبکہ یتیموں ، مساکیں ، بے سہارا بچوں اور خواتین کی کفالت و تعلیم و تربیت کے فرائض بھی کماحقہ پورے کر رہا ہے ․ مسلم چائنیر سٹوڈنٹس یونین وفد کے سربراہ محمد یحیی نے کہا کہ اسلام بہت پیارا اور پیار و محبت کا درس دینے والا دین ہے ․ انجمن فیض الاسلام میں مقیم یتیم اور بے سہارا بچے ہمارا اپنے بھائی اور بچے ہیں جن کو خوشی دے کر در اصل ہم اپنے آپ کو خوشی دے رہے ہیں ․ بعد ازاں سٹوڈنٹس یونین کے وفد نے صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں کے ہمراہ اپنا گھر کے بچوں کے ہمراہ افطاری کی جس کا اہتمام بھی سٹوڈنٹس یونین نے کیا تھا ․ انجمن کے صدر محمد صدیق اکبر میاں نے طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام مادی حدود سے آگے بڑھ کر انسانیت اور بالخصوص مسلم امہ کے ساتھ پیار و محبت ، اخوت و بھائی چارے اور یک جہتی کا درس دیتا ہے ․ آج مسلم چائینز سٹوڈنٹس نے اپنے جیب خرچ سے اشیائے ضروریہ خرید کر اپنا گھر کے مقیم بچوں کومیں خوشیاں بانٹی ہیں اور یقینی طور پر وہ ان خوشیوں کو اپنے ہاں بھی پائیں گے ․ صدر انجمن نے افطاری کے بعد وفد میں شامل تمام طلبہ کو انجمن فیض الاسلام کی یاد گاری شیلڈز دیں ․