اسلام آباد کالج فار گرلز کی پرنسپل کی ہٹ دھرمی

داخلہ کے خواہش مند والدین کے بچوںکو دو دوہفتے چکرلگوانے کے بعد داخلہ ٹیسٹ لیے گئے،ٹیسٹ میں فیل کا بہانہ بنا کر داخلہ دینے سے انکاری ہوگئیں پریشان حال والدین کی وزارت کیڈ، وفاقی نظامت تعلیمات اور متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کی اپیل

منگل 22 مئی 2018 23:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء)وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے اور واحد اسلام آباد کالج فار گرلز(آئی سی جی) کی پرنسپل روبینہ مقبول کی ہٹ دھرمی ، داخلہ کے خواہش مند والدین کے بچوںکو دو دوہفتے چکرلگوانے کے بعد داخلہ ٹیسٹ لیے گئے جبکہ ٹیسٹ میں فیل کا بہانہ بنا کر داخلہ دینے سے انکاری ہوگئی ہیں ،داخلہ کے خواہش مند بچوں کو داخلہ ملا اور نہ ہی وہ اب کسی اور سکول میں جاسکتے ہیں،پریشان حال والدین نے وزارت کیڈ، وفاقی نظامت تعلیمات اور متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں میں جہاں متعدد کالجز میں داخلہ جات کے مسئلے کافی حد تک حل کرلیے گئے ہیں وہاں اسلام آباد کالج فارگرلز ایف سکس ٹو کی پرنسپل روبینہ مقبول کی جانب سے والدین کو ذہنی طورپر پریشان کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیاہے جس کے تحت پرنسپل نے داخلہ کے لیے دفتر کے چکر لگانے والے مجبور والدین کو پہلے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کہاکہ بچوںکا ٹیسٹ لوںگی حالانکہ تمام بچوں کاداخلہ ٹیسٹ پہلے ہی ہوچکا تھا اور یہ بچے ٹیسٹ میں فیل ہونے یا سفارش نہ ہونے کی وجہ سے رہ گئے تھے ،سفارش نہ ہونے کے باعث اکثر بچوں کاداخلہ نہیں کیا گیا تھا تاہم باربار چکر لگانے والوں کو مزید چکر دیتے ہوئے پہلے داخلہ ٹیسٹ کا کہا اور جب ٹیسٹ دے دیاگیا تو ایک ہفتہ مزید ضائع کرتے ہوئے کہا گیاکہ ٹیسٹ میں فیل ہوگیا ہے اس طرح متعدد بچوں کا مستقبل تباہ کردیا گیاہے کیونکہ یہ بچے اب نہ تو یہاں داخل ہوسکے ہیں اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی داخلے بند ہوچکے ہیں ۔