این ٹی ڈی سی کا ترسیلی نظام کو محفوظ بنانے کیلئے شمالی اور جنوبی سسٹم کو مزید چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

سسٹم کی حفاظت کو مزید موثر بنانے ،ملک کے شمالی حصے میں ٹرپنگ سے بجلی کی جزوی بندش سے بچانے کیلئے ٹیکنیکل سٹڈی کروانے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ‘بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ

منگل 22 مئی 2018 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی نے قومی بجلی نظام میں بجلی کے خاطرخواہ اضافے کے پیش نظر ترسیلی نظام کو محفوظ بنانے کیلئے اسے مزید چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں ٹیکنیکل سٹڈی کروانے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ سسٹم کی حفاظت کو مزید موثر بنایا جائے اور ملک کے شمالی حصے میں ٹرپنگ سے بجلی کی جزوی بندش سے بچا جاسکے۔

یہ فیصلہ گذشتہ روز (21مئی 2018) کو بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز بابر اقبال کی زیرصدارت واپڈا ہائوس میں منعقد ہوا۔ بورڈ کا یہ اجلاس یک نکاتی ایجنڈے پر مشتمل تھا جس میں ملک میں بجلی کے جزوی تعطل کے حقائق کا تعین کرنا اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا مقصود تھا۔

(جاری ہے)

بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی نے ملکی ترسیلی نظام کی مزید بہتری اور پائیداری کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔

بورڈ نے این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ پاور بریک ڈائون کی مکمل تحقیقات، تجزیہ کر کے وجوہات کا تعین کریں اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جائے تاکہ سسٹم کو بچایا جاسکے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایسے عوامل پر تشویش کا اظہار کیا جو بجلی کی بندش کا باعث یا اس میں بگاڑ پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مینجمنٹ کو بجلی کے پیداواری یونٹس کی انتظامیہ کے ساتھ MVARsکو مستحکم بنانے اور بلیک سٹارٹ کی سہولت کی دستیابی کیلئے معاملہ اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈسٹری بیوشن کمپنیز، جنریشن کمپنیز، سی پی پی اے (جی)اور آئی پی پیز کے مابین ڈیٹا شیئرنگ اور سسٹم کی بحالی کیلئے باہمی ابلاغ کے فقدان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں کہ اس طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور سسٹم کی بحالی کیلئے ایس او پی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ کا فوری انعقاد کیا جائے۔

بورڈ نے این ٹی ڈی سی مینجمنٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 500 کے وی پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن، 500کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن اور ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی ترسیل کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو تسلی بخش قرار دیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 500کے وی نیو لاہور گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن، 500کے وی رحیم یار خان گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن، 220کے وی مانسہرہ گرڈ سٹیشن، 220کے وی لال سوہانرا گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن، 220کے وی ڈیرہ مراد جمالی گرڈ سٹیشن، 220کے وی اوچ سبی ٹرانسمیشن لائن اور 220کے وی جھمپیر - گھارو ٹرانسمیشن لائن منصوبے جو تاخیر کا شکار تھے ان کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کرنے پر مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس کے دوران این ٹی ڈی سی مینجمنٹ نے بجلی کی بندش پر جامع اور تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بتایا گیا کہ گدو پاور ہائوس سوئچ یارڈ میں فالٹ کے باعث 500کے وی کی دو ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کر گئیں۔ تیسری ٹرانسمیشن لائن ان دونوں لائنز کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور وہ بھی ٹرپ ہو گئی۔ جس سے سسٹم دو حصوں (شمالی اور جنوبی) میں تقسیم ہو گیا۔

شمالی سسٹم میں نصب انڈر فریکوئنسی ری لیز نے سسٹم کومستحکم رکھنے کیلئے 2800 میگاواٹ لوڈ کو الگ کر دیا۔ اسی دوران بجلی کی اضافی پیداوار کا نقصان سسٹم کے بریک ڈائون کا باعث بنا اور مساوی لوڈ کو آئیسولیٹ کرنے کیلئے سسٹم میں مزید پیداوار دستیاب نہیں تھی۔ بورڈ نے مینجمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ این ٹی ڈی سی کی ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ صارفین کو سال بھر بجلی کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

متعلقہ عنوان :