فلسطین کا آئی سی سی سے اسرائیل کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ

منگل 22 مئی 2018 23:48

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) فلسطینی وزیر خارجہ نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ سے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی ’جرائم‘ کی ’فوری تحقیقات‘ کا مطالبہ کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق اس پیش رفت سے بین الاقوامی حمایت یافتہ فلسطینی حکام اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات گزشتہ 4 سالوں سے سردگی کا شکار ہیں ،ْ رابطہ بھی انتہائی کم ہے۔فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے دی ہیگ میں آئی سی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر فاتو بینسودا سے ملاقات کے دوران ’حوالہ جات‘ جمع کرادئیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان حوالہ جات میں فلسطین کی جانب سے 2014 میں آئی سی سی کے دائرہ کار کو تسلیم کرنے کے بعد اس حوالہ جات میں ان سے ویسٹ بینک، مشرقی یروشلم، اور گزہ پٹی پر اسرائیلی پالیسیز کی تحقیقات کرنے کا کہا گیا۔

(جاری ہے)

مالکی کے مطابق اس میں مشرقی یروشلم اور ویسٹ بینک میں اسرائیلی سیٹلمنٹ پالیسیز کے علاوہ گزہ سرحد پر احتجاج میں ہونے والے حالیہ حملوں میں اسرائیلی گولیوں سے 100 کے قریب فلسطینیوں کی ہلاکت کا معاملہ بھی شامل ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ اسرائیل میں فلسطینی کے خلاف جرائم کرنے پر معافی کا کلچر ہے اور یہ حوالہ جات فلسطین کا بین الاقوامی قوانین کے پیش نظر بین الاقوامی احتساب کا امتحان ثابت ہوگا۔