لاہور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم و آئی جی پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری

منگل 22 مئی 2018 23:48

لاہور ۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) لاہورہائیکورٹ نے ایڈشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے سید علی مجتبیٰ اور دیگر کی دائر درخواست پر سماعت کی،درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت عالیہ میں موقف اختیار کیا کہ محکمہ پولیس انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ میں 322 پوسٹوں کیلئے اپلائی کیا،تاہم سیاسی بنیادوں پر تقرریوں کے عمل کو منسوخ کردیا گیا، جس پر درخواست گزاران نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا، تو عدالت نے ان کے تقرر کا حکم دیدیا، تاہم عدالت کے 3 مئی 2018 ء کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ،درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز اور ایڈشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب اعظم سلیمان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔