لاہورہائیکورٹ نے آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت پر نیب کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دیدی

منگل مئی 23:48

لاہور ۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2018ء) لاہورہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت پر نیب کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دیدی ،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی،متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے بے بنیاد الزامات میں چھان بین کیلئے آصف ہاشمی کو گرفتار کیا تھا، وکیل نے نشاندہی کی کہ احتساب عدالت نے آصف ہاشمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے اور اب ان سے مزید تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں ہے، وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ آصف ہاشمی کو سلاخوں کے پیچھے رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ یہ سزا دینے کے مترادف ہے، وکیل نے استدعا کی کہ آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے، نیب کے وکیل نے درخواست کا جواب دینے کیلئے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 24 مئی تک ملتوی کردی۔