امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون

ٹیکساس فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا، سوگوار خاندان سے اظہارافسوس کیا، آئی ایس پی ار

منگل 22 مئی 2018 23:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کر کے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی ار) کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے پاک فوج سربراہ جنرل قمر جاوید کو ٹیلی فون کیا۔

امریکی سینٹکام کے کمانڈر نے آرمی چیف سے گفتگو میں ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل جوزف نے معصوم جان کے ضیاع پر سوگوار خاندان سے اظہارافسوس کیا ۔واضح رہے کہ کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔

وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں گزشتہ جمعہ کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔