روسی کروڑ پتی شخص نے اپنے بچوں کو نئی ماں کا انتخاب کرنے کی اجازت دے دی۔ 2 ہزار امیدواران کا کڑا امتحان

Ameen Akbar امین اکبر منگل 22 مئی 2018 23:41

روسی کروڑ پتی شخص نے اپنے بچوں کو نئی ماں کا انتخاب کرنے کی اجازت دے ..
تیل کے کاروبار سے کروڑ پتی بننے والے 54 سالہ  روسی شخص کونسٹانٹن سکیربینن  نے اپنی نئی بیوی کے انتخاب کا حق اپنی اولاد کو دے دیا ہے۔ایک  متنازعہ رئیلٹی شو "Millionaire for Marriage" کے ذریعے اس کے بچے تقریباً 2 ہزار خواتین میں سے اپنے لیے نئی ماں کا انتخاب کریں گے۔
سکیربینن نے ٹی وی پر بڑے واضح طور پر اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے سے وعدہ کیا ہے کہ وہ دو ہزار امیدوار خواتین میں سے اپنی مرضی کی خاتون کو منتخب کر سکتے ہیں۔

مذکورہ رئیلٹی شو سے  اپنے خلوص نیت کے اظہار کے لیے تیل کی دنیا کے اس بادشاہ نے اپنا کاروبار بڑے بیٹے کے حوالے کر دیا ہے جبکہ وہ اور اس کا باقی خاندان اپنی تمام تر توجہ اس کے لیے نئی بیوی تلاش کرنے پر مرکوز رکھیں گے۔ روسی ناظرین نے اس پروگرام کے پروڈیوسر پر کافی  تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

ناظرین نے الزام لگایا ہے کہ جو شو محبت کے بارے میں ہونا چاہیے تھا، اس کا مقصد اب شو کی  فاتح کو  پر تعیش زندگی فراہم کرنا ہے۔


اس شو کی جھلکیوں کے مطابق امیدوار خواتین کو پہلے ثابت کرنا ہوگا کہ آیا وہ سکیربینن کے خاندان کا حصہ بننے کے قابل ہیں یا نہیں۔ خواتین کے گروپ ان نوجوان بچوں کے سامنے آ کر کھڑے ہوتے ہیں ، اس دوران یہ ان خواتین کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی ظاہری حالت اور عمر پر تبصرہ کرتے ہیں ۔ ان میں سے زیادہ ترخواتین  کو بڑے ذلت آمیز  انداز  میں  مسترد کر دیا جاتا ہے۔


روسی ٹی وی چینل (یو ٹی وی) سے نشر ہونے والے اس پروگرام کا دعویٰ ہے کہ آنے والے وقت میں اس پروگرام میں شامل امیدوار خواتین کو سخت امتحان سے گزرنا ہوگا جن میں سے ایک جھوٹ پکڑنے والی مشین کا امتحان ہوگا۔ اور تمام تر آزمائشوں سے کامیاب ہونے والی خاتون کو سکیربینن  کے بچوں کی منظوری کے بعد مذکورہ کروڑپتی کی طرف سے شادی کی پیشکش کی جائے گی۔


واضح رہے کہ سکیربینن پانچ مرتبہ پہلے شادی کر چکا ہے لیکن یہ تمام تر شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔ اس کے علاوہ اس کے  تین مزید خواتین سے بھی تعلقات رہے ہیں۔ سکیربینن کا خیال ہے کہ وہ ایماندار اور لالچی خواتین کے مابین فرق کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا اس لیے اس نے یہ تمام ذمہ داری اپنی اولاد کو دے دی ہے جو کہ غیر جانبداری سے کام لیتے ہوئے مکمل غور وفکر کر کے ہی اس کی نئی بیوی کا انتخاب کرے گی۔ وہی فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کون سی امیدوار پیسے کے لیے ان کے والد سے شادی کرنا چاہتی ہے اور کون محبت کی متلاشی ہے۔

متعلقہ عنوان :