جاپان، روس اور ترکی کا امریکا کو فولاد اور ایلومینیم کی درآمد پر محصولات کے نفاذ کا بھرپور جواب دینے کا عندیہ

جوابی کارروائی سے امریکا کو 3.5 ارب ڈالر سالانہ محصولات برداشت کرنے ہوں گے، ڈبلیو ٹی او

بدھ 23 مئی 2018 11:10

جاپان، روس اور ترکی کا امریکا کو فولاد اور ایلومینیم کی درآمد پر محصولات ..
جنیوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) جاپان، روس اور ترکی نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ اس کی جانب سے فولاد اور ایلومینیم کی درآمد پر محصولات کے نفاذ کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔تجارت کی عالمی تنظیم ’’ ڈبلیو ٹی او ‘‘کا کہنا ہے کہ ان ملکوں کی جوابی کارروائی سے امریکا کو 3.5 ارب ڈالر سالانہ محصولات کا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔

ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جاپان، روس اور ترکی نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ادارے سے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایلومینیم اور فولاد کی درآمد پر محصولات کے نفاذ سے ان کے نرخ 2017 ء کی نسبت کہیں زیادہ بڑھ جائیں گے۔روس کا کہنا ہے کہ محصولات کے نفاذ سے اس کی فولاد اور ایلومینیم کی برآمد پر 538 ملین ڈالر سالانہ کا بوجھ پڑے گا۔

(جاری ہے)

جاپان کی جانب سے 440 ملین ڈالر جبکہ ترکی نے 267 ملین ڈالر سالانہ بوجھ پڑنے کی شکایت کی ہے۔اس سے قبل یورپی یونین، بھارت اور چین بھی اسی قسم کی شکایات درج کراچکے ہییں جن میں چین 612 ملین ڈالر، یورپی یونین 1.6 ارب ڈالر اور بھارت 165 ملین ڈالر اضافی بوجھ پڑنے کا دعویدار ہے۔ان ملکوں نے اس امریکی دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ایلومینیم کی درآمد پر 10 فیصد اور فولاد پر 25 فیصد محصولات کے نفاذ کا فیصلہ سیکورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے اور اسے تجارت کی عالمی تنظیم کے قوانین سے استثنیٰ حاصل ہے۔