ڈمپروں اور بڑی بسوں کے ڈرائیوروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ہزارہ ڈویژن میں حادثات معمول بن گئے

گذشتہ ایک سال کے دوران سینکڑوں افراد ٹریفک حادثات کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، عوامی حلقے

بدھ 23 مئی 2018 11:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں ڈمپروں اور بڑے شہروں کیلئے چلنے والی بسوں کے ڈرائیوروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث آئے روز ہزارہ ڈویژن میں حادثات معمول بن گئے ہیں۔ گذشتہ ایک سال کے دوران ان شہروں کے سینکڑوں افراد ٹریفک حادثات کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، گذشتہ روز بھی گاندھیاں میں پیش آنے والا حادثہ ڈمپر کی تیز رفتاری کا نتیجہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں شہروں ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے درمیان سنگل سڑک کے باعث ٹریفک کا دبائو بڑھ چکا ہے، منٹوں میں طے ہونے والا سفر اب گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے، خطرناک موڑوں میں چائنہ ڈمپروں اور بڑی بسوں کے باعث سینکڑوں افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

ان شہروں میں چائنہ ڈمپروں اور بڑے شہروں کیلئے چلنے والی بسوں کیلئے شہروں کے اندر حد رفتار نہ ہونے کے باعث روزانہ تین سے پانچ حادثات معمول بن چکے ہیں، ان ڈمپروں اور بسوں کا زیادہ تر شکار غریب موٹر سائیکل سوار بن رہے ہیں، شدید ٹریفک کے باوجود ڈمپروں اور بسوں کی حد رفتار بہت زیادہ ہے اور آئے روز کوئی نہ کوئی ان کا نشانہ بن کر اپنی زندگی سے ہاتھ دھو رہا ہے تاہم انہیں لگام دیکھنے کیلئے کمشنر ہزارہ سمیت کسی نے بھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ پہلے بھی کمشنر ہزارہ سمیت ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ سمیت ٹریفک پولیس کے افسران کے گوش گذار یہ بات لا چکے ہیں کہ شہر کے اندر بڑی ٹریفک کے چلنے کیلئے مخصوص وقت کا تعین کیا جائے اور ان کی حد رفتار سے متعلق بھی واضح فیصلہ کیا جانا چاہئے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈمپروں اور بڑے بسوں کے خلاف بھاری جرمانے سمیت سخت سزائیں تجویز کی جائیں، یہ ڈرائیور حضرات وقت پر پہنچنے کیلئے انسانی جان لینے سے قطعاً گریز نہیں کرتے۔