اسرائیلی مظالم کی تحقیقات کے لیے فلسطین کا عالمی عدالت سے رابطہ، درخواست جمع کرادی

فلسطینی وزیرخارجہ کی عدالت کی مستغیث اعلٰی سے ملاقات،اسرائیل برہم ،دبائومیں آنے والے نہیں،وزارت خارجہ

بدھ 23 مئی 2018 12:31

اسرائیلی مظالم کی تحقیقات کے لیے فلسطین کا عالمی عدالت سے رابطہ، درخواست ..
مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے درخواست کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کی فوری طور پر تحقیقات شروع کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ انہوں نے عدالت کی مستغیث اعلٰی فاتو بینسودا سے ملاقات کی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اسرائیلیوں کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے خلاف ایک دستاویز بھی جمع کرائی ہے ۔فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی آبادکاری سے متعلق پالیسی اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے دی ہیگ یہ درخواست گزشتہ روز جمع کرائی ،اس دستاویز میں فلسطین کی جانب سے 2014ء میں آئی سی سی کے دائرہ اختیار کو تسلیم کرنے کے بعد غرب اردن، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی کے حوالے سے اسرائیلی پالیسیوں کی تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں گزشتہ دنوں کے دوران غزہ میں احتجاج کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے سو فلسطینیوں کی ہلاکت کے واقعات کی شفاف تحقیقات کا ذکر بھی شامل ہے۔دوسری جانب سے اس فلسطینی اقدام کے رد عمل میں اسرائیل نے اسے ایک فضول اور مضحکہ خیز کوشش قرار دیااورکہاکہ اسرائیل کو امید ہے کہ آئی سی سی اور اس کے وکلاء فلسطین کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور فلسطینیوں کی جانب سے عدالت کو سیاسی بنانے کی کوششوں کے خلاف اپنے موقف پر ڈٹے رہیں گے۔

اسرائیل نے فلسطینیوں کی طرف سے بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھا دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت اسرائیل فلسطین معاملے پر تحقیقات کی مجاز نہیں ہے، کیونکہ ایک تو اسرائیل اس عدالت کا رکن نہیں ہے اور دوسرا فلسطینی اتھارٹی کوئی ریاست بھی نہیں ہے۔اسرائیل آئی سی سی کا رکن نہیں ہے تاہم اگر اس کا کوئی شہری کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہوتا ہے تو اس کے خلاف اس عالمی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ آئی سی سی کی کوئی پولیس فورس نہیں ہے اور اسے مجرموں کی گرفتاری کے سلسلے میں اسے رکن ریاستوں کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وارنٹ گرفتاری پر عمل کیا جا سکے۔