موسم گرما کی شدت کے پیش نظر کمزور ٹائر والی گاڑیوں کو موٹر وے پر داخلہ سے اجتناب کی ہدایت

بدھ 23 مئی 2018 13:53

فیصل آباد۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) موٹر وے ایم تھری ، ایم فور پولیس نے موسم گرما کی شدت کے پیش نظر کمزور ٹائر وں والی گاڑیوں کو موٹر وے پر داخلہ سے اجتناب کی ہدایت کی ہے جبکہ اس سلسلہ میں ایس ایس پی موٹروے ایم ٹو و تھری سائوتھ کی خصوصی ہدایت پر سپیشل مہم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کے مالکان بالخصوص ڈرائیورز ، کنڈیکٹرز کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے باعث کمزور ٹائروں والی گاڑیاں موٹر وے پر نہ لے کر آئیں تاکہ ایسے کمزور ٹائروں کے پھٹنے سے حادثات کا خدشہ نہ رہے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ، پنڈی بھٹیاں موٹر وے ایم تھری اور فیصل آباد ، گوجرہ موٹر وے ایم فور کی موٹروے پولیس کے ذرائع نے بتایاکہ چونکہ شدید گرمی میں موٹروے پر آنیوالی کمزور ٹائروں کی حامل اکثر گاڑیوں کے ٹائر برسٹ ہو جاتے ہیں جس سے سنگین حادثات کا خطرہ رہتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ موٹروے محفوظ سفر کی ضامن ہے اس لئے کمزور ٹائروں والی گاڑیوں کے مالکان کو چاہیے کہ وہ کمزور ٹائروں والی گاڑیاں موٹر وے پر لانے سے گریز کریں ۔