آﺅٹ یا ناٹ آﺅٹ

آئی سی سی نے ٹوئٹر پر رولنگ دے ڈالی

بدھ 23 مئی 2018 13:40

آﺅٹ یا ناٹ آﺅٹ
لاہور(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مئی 2018 ء) کرکٹ اور پاکستانیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے پھر چاہے کوئی آفیشل میچ ہو یا گلی محلے میں کھیلا جانے والا کرکٹ میچ، کھلاڑی اور میچ دیکھنے والے اسے بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ایسی ہی ایک” سنجیدگی“حال ہی میں اس وقت دیکھنے میں آئی جب مبینہ طور پر سندھ کے کسی شہر میں ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران ایک بلے باز دلچسپ انداز میں آﺅٹ ہوا لیکن شاید اسے اپنے آﺅٹ ہونے کا یقین نہیں تھا۔

ایک کرکٹ مداح نے مذکورہ کرکٹ میچ کی ویڈیو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیج کر اس بلے باز کے آﺅٹ ہونے یا نہ ہونے سے متعلق رولنگ مانگی ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی نے اس ویڈیو کا جائزہ لیا اور اپنے فیصلے میں بلے باز کو آﺅٹ قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بلے باز کے آﺅٹ ہونے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا، ”حمزہ نامی ایک مداح نے ہمیں ایک ویڈیو بھیج کر رولنگ مانگی، بدقسمتی سے (آئی سی سی) قانون 32.1 کے مطابق بلے باز آﺅٹ ہے“۔

آئی سی سی کے قانون 32.1.1 کے مطابق باﺅلر کی جانب سے کرائی گئی گیند اگر نوبال نہیں ہے تو وکٹ پر لگنے کی صورت میں بلے باز آﺅٹ قرار دیا جائے گا چاہے وہ گیند وکٹ پر لگنے سے پہلے اس کے بیٹ سے ہی کیوں نہ لگی ہو۔اب یہ تو معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ میچ کب کھیلا گیا، لیکن آئی سی سی کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک مقامی کرکٹ میچ سے متعلق رولنگ دینا واقعی ایک دلچسپ واقعہ ہے۔

دوسری جانب اس ٹوئٹ کے بعد کرکٹ شائقین کے تبصرے بھی شروع ہوگئے، خصوصاً پاکستانی مداحوں نے گلی محلوں میں کھیلی جانے والی کرکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے خوب خوب یادیں تازہ کیں۔اس ویڈیو میں لوگوں نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے اپنی آرا کا اظہار کیا اور کچھ لوگوں نے آئی سی سی کے قانون سے اختلاف کرتے ہوئے اسے ناٹ آﺅٹ تک قرار دیا جبکہ اب تک اس ویڈیو کو 3500 سے زائد مرتبہ ری ٹویٹ اور 11ہزار سے زیادہ مرتبہ لائک کیا جاچکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :