مکہ مکرمہ میں ایک فلیٹ پر سعودی فورسز کا چھاپہ

دہشتگردوں سے مبینہ تعلقات کی بنا پر متعدد افراد زیر حراست

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 مئی 2018 15:45

مکہ مکرمہ میں ایک فلیٹ پر سعودی فورسز کا چھاپہ
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2018ء) : مسجد الحرام سے کچھ فاصلے پر سعودی سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر دہشتگردوں سے تعقلقات کے شُبے میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی سکیورٹی فورس نے حرم شریف سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ایک عمارت کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا۔مکہ مکرمہ کے ضلع عزیزیہ میں موجود اس اپارٹمنٹ میں مختلف ممالک کے شہری رہائش پذیر تھے، جہاں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز چھاپہ مار کر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کے ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سب سے پہلے عمارت کا گھیراؤ کیا اور عمارت کے سکیورٹی گارڈ کو چھاپے کی کارروائی مکمل ہونے تک اپنے کمرے تک محدود رہنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین سکیورٹی فورسز کی موجودگی سے لا علم تھے اور چھاپے کے دوران کوئی گولی نہیں چلائی گئی۔ سکیورٹی حکام ممکنہ طور پر زیر حراست افراد سے ابتدائی تفتیش کے بعد اس معاملے پر بیان جاری کریں گے، سعودی میڈیا کے ذرائع نے مزید بتایا کہ مذکورہ اپارٹمنٹ کئی غیر ملکی شہریوں کو رمضان المبارک کے مہینے کے لیے کرائے پر دیا گیا تھا۔